Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کے بڑھتے کیسز: اسلام آباد میں ہفتہ، اتوار کو ریستوران مکمل بند

انتظامیہ کے مطابق کورونا وبا کے پیش نظر تجارتی سرگرمیاں اور ریستوران سروسز محدود کی گئیں ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
کورونا وائرس کی تیسری لہر میں شدت کے بعد اسلام آباد میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں اور اب ہفتہ اور اتوار کو آؤٹ ڈور ڈائننگ کے لیے بھی ریستورانوں کو بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر آفس کی جانب سے جمعہ کو جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن میں بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات مزید سخت کرتے ہوئے وفاقی دارالحکومت میں ہفتے کے پانچ دن رات 10 بجے کے بعد آؤٹ ڈورڈائننگ پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق اسلام آباد میں ہفتہ اور اتوار کو مارکیٹیں اور ریستوران مکمل بند رہیں گے اور آؤٹ ڈور ڈائننگ پر بھی پابندی ہو گی تاہم اشیائے خورونوش کی دکانیں اور میڈیکل سٹورز کھولنے کی اجازت ہوگی۔
اعلامیے کے مطابق ریستوران اور ہوٹلوں پر کھانا پیک کروا کر گھر لے جانے کی اجازت ہوگی۔
انتظامیہ کے مطابق کورونا وبا کے پیش نظر تجارتی سرگرمیاں اور ریستوران سروسز محدود کی گئی ہیں۔
اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق جمعے کو کورونا وائرس کے 620 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو کورونا کی دوسری اور تیسری لہر میں روزانہ کیسز کا ریکارڈ ہے۔
گذشتہ سال کورونا وبا کے سامنے آنے کے بعد اب تک اسلام آباد میں کورونا کے 49 ہزار پانچ سو کے قریب کیسز سامنے آ چکے ہیں جبکہ اب تک 531 اموات بھی ہو چکی ہیں۔

حکام کے مطابق ہفتے کے پانچ دن رات 10 بجے کے بعد آؤٹ ڈورڈائننگ پر پابندی عائد کر دی گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

اسلام آباد کے ڈسٹرک ہیلتھ آفیسر ضعیم ضیا کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ مثبت کیسز کی شرح تقریباً ساڑھے آٹھ فیصد ہو چکی ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بزرگ افراد کو جلد ویکیسن لگوائیں اور ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
اسلام آباد کے متعدد سب سیکٹرز میں لاک ڈاؤن بھی کیا گیا ہے۔

ملک بھر میں کورونا وبا کی شدت اور این سی او سی کی تنبیہ

یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی حالیہ لہر کے دوران گذشتہ 100 دنوں میں سب سے زیادہ مثبت کیسز بدھ 17 مارچ کو رپورٹ ہوئے ہیں۔ این سی او سی کے ڈیٹا کے مطابق اس روز 3495 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 61 اموات ریکارڈ کی گئیں۔ پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 13 ہزار 750 سے تجاوز کر چکی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جمعرات کو ہونے والی میٹنگ میں بڑھتے ہوئے مثبت کیسز اور شرح اموات میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔

اسلام آباد کے متعدد سب سیکٹرز میں لاک ڈاؤن بھی کیا گیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان میں وبا کی حالیہ لہر کے دوران ملک کے تمام بڑے شہروں میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح پانچ فیصد ہو چکی ہے۔
این سی او سی نے اپنی تنبیہ میں کہا تھا کہ اگر عوامی سطح پر ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کیا گیا اور خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری رہا تو سخت اقدامات کیے جائیں گے، ان کے تحت تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو بند کرتے ہوئے سماجی تقریبات پر بھی پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔
اس موقع پر ملک بھر میں کورونا ویکسینیشن کے لیے قائم مراکز بھی اتوار اور قومی تعطیلات کے موقع پر بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

شیئر: