Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایس او پیز کی خلاف ورزی پر شاپنگ مالز کو بند کرنے کا انتباہ

وزارت کے مطابق مقررہ حد سے زائد افراد کو مالز میں داخلے کی اجازت دی گئی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سعودی وزارت تجارت کے ترجمان عبدالرحمن الحسین نے کہا ہے کہ اگر شاپنگ مالز کی انتظامیہ مقررہ حد سے زائد افراد کو مالز میں آنے دے گی تو ضوابط کے مطابق ان سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ 
ویب نیوز سبق کے مطابق وزارت تجارت کے ترجمان نے مزید کہا کہ گزشتہ چند روز میں یہ بات نوٹ کی گئی ہے کہ مالز میں سماجی فاصلے کے اصول کی صریح خلاف ورزیاں کرتے ہوئے مقررہ حد سے زائد افراد کو مالز میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی جس سے سماجی فاصلے کے اصول پر عمل کرنا ممکن نہیں ہوتا۔ 
 ترجمان نے مزید کہا کہ وزارت تجارت کی تفتیشی ٹیمیں قانون پرعمل درآمد کرنے میں کسی قسم کی نرمی نہیں کریں گی اور سماجی فاصلہ کے اصول پر عمل نہ کرنے والے مالز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں بند کر دیا جائے گا۔ 
واضح رہے کہ وزارت نے تجارتی مالز اور شاپنگ سینٹرز کی گنجائش کو دیکھتے ہوئے وہاں صارفین کی تعداد مقرر کر رکھی ہے جس سے زیادہ افراد کو اندر جانے کی اجازت نہیں ہوتی۔  
مقررہ ایس اوپیز کے مطابق کورونا سے بچاؤ کے لیے سماجی فاصلے کے اصول کو مدنظر رکھنا انتہائی اہم ہے۔
علاوہ ازیں مالز کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ داخلی دروازے پر اہلکاروں کو متعین کریں جو گاہکوں کے جسمانی درجہ حرارت کو نوٹ کریں اگر کسی کا درجہ حرارت بڑھا ہوا ہو تو اسے دکان یا شاپنگ سینٹر میں داخل نہ ہونے دیا جائے۔ 

شیئر: