Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگ فہد یونیورسٹی برائے پٹرولیم میں پہلی مرتبہ لڑکیوں کے داخلے

 یونیورسٹی  34 سے زیادہ شعبوں میں سپیشلائزیشن کے مواقع فراہم کرتی ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں کنگ فہد پٹرولیم و منرل یونیورسٹی ظہران (کے ایف یو پی ایم ) کی تاریخ میں پہلی بار آئندہ تعلیمی سال 2022-2021 کے لیے طالبات سے داخلے کی درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اعلی قیادت تعلیم کے شعبے کو عموما اور  یونیورسٹی کی تعلیم کو خصوصا غیرمعمولی سرپرستی دے رہی ہے۔
شہزادہ عبدالعزیز نے کہا کہ کے ایف یوپی ایم کی جانب سے گریجویشن کی امیدوار طالبات کو داخلے کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جبکہ سعودی عرب وژن 2030 کی پانچویں سالگرہ منا رہا ہے اور یہ وژن کے اہداف کی تکمیل کی جہت میں اہم قدم ثابت ہوگا۔ 
انہو ں نے کہا کہ کے ایف یو پی ایم میں داخلے سے طالبات کو اعلی تاریخ رکھنے والے قومی ادارے سے استفادے کا موقع ملے گا۔ انہیں سائنس اور انجینیئرنگ کے مخلف شعبوں میں دسترس کے مواقع حاصل ہوں گے۔
شہزادہ عبدالعزیز کا کنہا تھا کہ کے ایف یو پی ایم میں نئے تعلیمی سال کے لیے کل داخلوں کا بیس فیصد طالبات کے لیے مختص کیا ہے۔ آئندہ برس طالبات کے داخلے کی شرح 40 فیصد کردی جائے گی۔ بعد ازاں مقررہ ضوابط کے مطابق اہلیت اور استعداد کے مطابق داخلے دیے جائیں گے۔
وزیر توانائی نے اس یقین کا اظہار کیا کہ جو طالبات کے ایف یو پی ایم سے گریجویشن کریں گی وہ یونیورسٹی کے لیے باعث فخر ثابت ہوں گی۔
علاوہ ازیں کے ایف یو پی ایم نے بیان میں  کہا ہے کہ داخلوں کی درخواستیں تیرہ سے اٹھارہ جولائی  2021 کے درمیان قبول کی جائیں گی۔  یونیورسٹی  34 سے زیادہ شعبوں میں سپیشلائزیشن کے مواقع فراہم کرتی ہے۔ 

شیئر: