Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا ضوابط کی خلاف ورزی پر نئے جرمانے اور سزائیں کیا ہیں؟

متعدد بار خلاف ورزیاں ریکارڈ ہونے پر جرمانہ ایک لاکھ تک ہو سکتا ہے
سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے گذشتہ برس سے مقرر کردہ ضوابط کی خلاف ورزی پر عائد ہونے والے جرمانوں اور سزا کے لائحہ عمل میں تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے وزارت داخلہ کے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ گذشتہ برس کورونا سے محفوظ رکھنے کی خاطر سماجی فاصلے کے اصول کی خلاف ورزی کرنے اور دیگر ضوابط پر عمل نہ کرنے کے حوالے سے جن جرمانوں اور سزاوں کی فہرست جاری کی گئی تھی ان میں سے بعض کی شقوں کو تبدیل کیا گیا ہے تاکہ ضوابط پر سختی سے عمل کیاجائے۔
وزارت داخلہ کے ذرائع کا کہنا تھا کہ مقرر کردہ ضوابط میں بنیادی طورپر تین نکات ہیں جن کی ذیلی شقوں میں تبدیلی کی گئی ہے۔

 قوانین میں تبدیلی کا مقصد ضوابط پرسختی سےعمل کرانا ہے(فوٹو، ایس پی اے)

ہجوم یعنی زائد افراد کا ایک جگہ جمع ہونا ۔ اس شق کے مطابق اگر کسی مقام پر ایک ہی خاندان کے افراد مقررہ تعداد سے تجاوز کرتے ہیں یا ان کی رہائش گاہ مشترک نہ ہونے کی صورت میں مقام کے مالک یا ذمہ دار پر دس ہزار ریال جرمانہ عائد کیاجائے گا۔
رہائش گاہ ، فارم ہاوس  یا کسی محلے میں کھلے مقام و تفریح گاہوں کے علاوہ ریسٹ ہاوسز میں بیک وقت مقررہ تعداد سے زائد افراد کے اکھٹا ہونے پر 15 ہزار ریال جرمانہ ہو گا۔
کسی بھی قسم کی تقریب جن میں شرکا کی تعداد مقررہ حد سے تجاوز کرجائے اس کے ذمہ دار کو 40 ہزار ریال جرمانہ ہو گا۔
رہائش گاہوں یا زیر تعمیر عمارتوں، فارم ہاوسز میں مقررہ تعداد سے زائد کارکنوں کی موجودگی پر 50 ہزار ریال جرمانہ عائد کیاجائے گا۔

خلاف ورزیوں پر جرمانے کے علاوہ دکان بھی سیل کی جاتی ہے(فوٹو، ٹوئٹر)

نئے لائحہ عمل کی شق ’ب‘ میں کہا گیا ہے کہ نجی  اداروں کی انتظامیہ پر لازم ہے کہ وہ ضوابط کی مکمل طورپر پابندی کریں اس ضمن میں مقررہ ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر کمپنی یا ادارے کو سیل کرنے کے علاوہ جرمانے کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔
ضوابط کے مطابق نجی شعبے کی کمپنیوں یا اداروں کی انتظامیہ اس امر کی پابند ہیں کہ وہ تقریبات کے انعقاد سے اجتناب برتیں، کارکنوں کی صحت جانچ کےلیے مقررہ ایپس کے استعمال کو لازمی بنائیں، کسی بھی ایسے کارکن کو کام کی اجازت نہ دی جائے جو وائرس کا شکار ہو، ادارے کے مرکزی داخلہ دروازے پر جسمانی درجہ حرارت نوٹ کرنے کا اہتمام کیا جائے، کارکنوں کو ماسک استعمال کرنا کا پابند کیا جائے، تجارتی مراکز یا سپراسٹورز میں خریداری کےلیے ٹرالیوں کی مستقل طورپر سینیٹائزنگ کو یقینی بنایا جائے۔
مذکورہ ضوابط پر عمل نہ کرنے کی صورت میں وزارت داخلہ نے مختلف جرمانوں اور سزاوں میں ترمیم کی ہے جو حسب ذیل ہیں ۔
 ۔ ایسے ادارے جہاں کارکنوں کی تعداد ایک سے پانچ تک ہو وہاں ضوابط پرعمل نہ کیے جانے کی صورت میں دس ہزار ریال جرمانہ اور دکان یا ادارہ پانچ دن کے لیے سیل کردیاجائے گا۔
۔ ایسے ادارے جہاں کارکنوں کی تعداد چھ سے 49 تک ہو وہاں خلاف ورزی ریکارڈ ہونے کی صورت میں جرمانہ 20 ہزار ریال جبکہ دکان یا ادارہ پانچ دن کےلیے بند کیا جائے گا۔
۔ وہ ادارے جہاں کارکنوں کی تعداد 50 سے 249 تک ہو گی ان پر جرمانہ 50 ہزار اور پانچ دن کے لیے ادارے کو سیل کیا جائے گا۔

صحت کے حوالے سے ایپ کا اسٹیٹس نہ دکھانا خلا فورزی ہو گی(فوٹو ، ایس پی اے)

۔ بڑے ادارے جہاں 250 سے زائد افراد ملازمت کرتے ہوں وہاں خلاف ورزی ریکارڈ کیے جانے پر ایک لاکھ ریال جرمانہ اور پانچ دن کے لیے ادارے کو سیل کیا جائے گا۔
قانون کے مطابق اگر مذکورہ خلاف ورزیاں دوبارہ ریکارڈ کیے جانے کی صورت میں جرمانہ دو لاکھ ریال جبکہ ادارے کو بند کرنے کی انتہائی مدت چھ ماہ تک ہو سکتی ہے۔
ہر ادارے کے برانچ ہیڈ کی ذمہ داری ہے کہ وہ ضوابط پر عمل درآمد کو یقنی بنائے، خلاف ورزیوں کا جواب دہی بھی برانچ ہیڈ پرعائد کی جاتی ہے خلاف وزیاں دوبارہ ریکارڈ ہونے کی صورت میں ذمہ دار کو ادارہ پراسیکیوشن کی تحویل میں دے دیا جائے گا جہاں اس پر باقاعدہ کیس دائر ہوگا۔
ضوابط کے مطابق ہوٹل اور کفیے ٹیریاز کی بندش کا دورانیہ مختلف ہو گا جس کے مطابق ایسے ہوٹل، ریسٹورنٹ یا کیفے ٹیریا جہاں خلاف ورزی ریکارڈ کی گئی ہو پہلی خلاف ورزی پر 24 گھنٹے کے لیے سیل کیا جائے گا دوسری بار 48 گھنٹے، تیسری بار ایک ہفتے، چوتھی مرتبہ دوہفتے جبکہ پانچویں یا زائد بار خلاف ورزی ریکارڈ کیے جانے پر ایک ماہ کےلیے سیل کیاجائے گا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے انفرادی خلاف ورزیوں پرجرمانوں اور دیگر سزاوں کے لائحہ عمل میں بھی تبدیلی کی گئی ہے جو درج ذیل ہیں۔

اداروں کے لیے لازمی ہے کہ مقررہ ضوابط کی پابندی کریں(فوٹو، ٹوئٹر)

1 ۔ کورونا سے بچاؤ کے لیے مقررہ ایس او پیز جن میں ماسک کا استعمال، سماجی فاصلے پر عمل نہ کرنا، مارکیٹ یا ادارے میں داخل ہوتے وقت درجہ حرارت نوٹ نہ کروانا، بخار ہونے  کی صورت میں مقررہ ضوابط کی خلاف ورزی کرنے، متعلقہ اہلکاروں کو اپنی صحت کے حوالے سے مخصوص ایپ نہ دکھانے پر جرمانہ ایک ہزار ریال تک ہو گا جبکہ خلاف ورزی دوبارہ دھرائے جانے کی صورت میں جرمانہ کی رقم ایک لاکھ ریال تک بھی بڑھائی جاسکتی ہے۔
قانون کے مطابق ایسے افراد جو مسجد الحرام میں  بغیر پرمٹ کے جاتے ہیں ان پر ایک ہزار ریال کا جرمانہ ہوگا۔
کسی بھی نوعیت کی تقریب منعقد کرنے اور اس کےلیے  دعوت دینے والے پر 5 ہزار ریال جرمانہ کیاجائے گا جبکہ متعدد بار اسی سزا کا ارتکاب کرنے پر جرمانہ کی رقم ایک لاکھ ریال تک کی جاسکتی ہے

شیئر: