Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزرا چند روز میں حج کے طریقہ کار کا اعلان کریں گے

اس سال حج کی حکمت عملی واضح نہ ہونے کے کئی اسباب ہیں۔(فوٹو العربیہ)
سعودی  عرب کے قائم مقام  وزیر اطلاعات و نشریات ماجد القصبی نے کہا ہے کہ’وزرائے صحت و حج  کورونا وائرس کے پھیلاو کے باعث درپیش چیلنجوں کی روشنی میں آئندہ چند روز کے دوران اس سال حج کا طریقہ کار واضح کریں گے‘۔ 
سبق، الاخباریہ کے مطابق ماجد القصبی نے اتوار کو پریس کانفرنس میں کہا کہ ’کورونا وائرس میں مسلسل تبدیلی ،اس کے پھیلاو اور بہت سے ممالک میں کورونا ویکسین کی کمی کی وجہ سے اس سال حج کا طریقہ کار واضح نہیں ہوسکا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’اس سال حج کی حکمت عملی واضح نہ ہونے کے کئی اسباب ہیں تاہم  سب سے اہم کورونا وائرس میں مسلسل تبدیلی اور ویکسین کی کمی ہے‘۔ 
ماجد القصبی نے کہا کہ’ سعودی عرب کی انتہائی کوشش یہ ہے کہ حج مقامات اندرون سعودی عرب اور مسلم دنیا میں کورونا وائرس کے  پھیلاؤ کا باعث نہ بنیں۔ اسی لیے احتیاط کی جا رہی ہے‘۔
یاد رہے کہ جمعرات کو انڈونیشیا نے اعلان کیا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث انڈونیشی عازمین اس سال حج پر نہیں بھیجے جائیں گے۔
گزشتہ برس بھی کورونا وائرس کے باعث احتیاطی تدابیر کے ساتھ  محدود تعداد میں عازمین نے فریضہ حج ادا کیا تھا۔

شیئر: