Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میٹرو پروجیکٹ تکمیل کے قریب، سٹیشن کتنے اور سہولتیں کیا ہیں؟

ریاض شہر کے بیشتر مقامات تک ٹرین سروس مہیا ہوگی (فوٹو: اخبار24)
سعودی عرب میں ریاض میٹرو پروجیکٹ تکمیل کے قریب پہنچ چکا ہے اور اس کے افتتاح کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
میئر شہزادہ فیصل بن عیاف نے حال ہی میں بتایا تھا کہ ’ٹرین کا 90 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور بہت جلد افتتاح متوقع ہے۔‘ 
اخبار 24 کے مطابق ریاض رائل کمیشن کے ایگزیکٹیو چیئرمین فہد الرشید کا کہنا ہے کہ ریاض میٹرو سال رواں کی تیسری سہ ماہی کے دوران باقاعدہ آپریشنل ہو جائے گا۔ گذشتہ سال کے آخر میں ریاض میٹرو چلانے کا کام شروع کیا گیا تھا۔ 
ریاض ٹرین عرب دنیا کے بڑے منصوبوں میں سے ایک ہے۔ اس کی مجموعی لمبائی 176 کلو میٹر ہے اور اس کے 85 سٹیشن ہیں۔ ریاض شہر کے بیشتر مقامات تک ٹرین سروس مہیا ہوگی۔ اس کی لاگت کا تخمینہ  84 ارب ریال  کے لگ بھگ ہے۔ 
ریاض ٹرین ڈرائیور کے بغیر خودکار سسٹم سے چلے گی اور ریموٹ سے کنٹرول ہوگی۔ اس کی بوگیاں خصوصی طور پر ڈیزائن کی گئی ہیں۔
ریاض میٹرو زیادہ آبادی والے بیشتر محلوں، سرکاری اداروں، تجارتی و تعلیمی و صحت اداروں کے کارکنوں کو آنے جانے کی سہولت فراہم کرے گی۔  
کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، کنگ عبداللہ مالیاتی مرکز، ریاض کی بڑی جامعات، کنگ فہد سٹیڈیم، شہر کے مرکزی علاقے، پبلک ٹرانسپورٹ سینٹر اور سیاحتی و تفریحی مراکز میں اس کے سٹیشن ہوں گے۔

چوتھا ٹریک کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ روڈ سے گزرتا ہے (فوٹو: اخبار 24)

پہلا ٹریک (پیلی لائن) العلیا، البطحا، الحایر پر مشتمل  ہوگا اور یہ 38 کلو میٹر طویل ہے۔ 
دوسرا ٹریک (ریڈ لائن) کنگ عبداللہ روڈ سے گزرے گا اور یہ 25.3 کلو میٹر طویل ہے۔ 
تیسرا ٹریک (نارنجی لائن) مدینہ منورہ روڈ، امیر سعد بن عبدالرحمن اول روڈ سے گزرتا ہے اور یہ 40.7 کلو میٹر طویل ہے۔ 
چوتھا ٹریک (یلو لائن) یہ کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ روڈ سے گزرتا ہے اور یہ 29.6 کلو میٹر طویل ہے۔ 
پانچواں ٹریک (گرین لائن) یہ کنگ عبدالعزیز روڈ سے گزرتا ہے اس کی لمبائی 12.9 کلو میٹر ہے- 
چھٹا ٹریک (بنفشی لائن) یہ عبدالرحمان بن عوف روڈ، شیخ حسن بن حسین بن علی روڈ سے بھی گزرتا ہے۔ 

ریاض میٹرو کے تمام سٹیشنوں کا ایک ڈیزائن ہے (فوٹو: اخبار 24)

ریاض میٹرو کے سٹیشن: 
ریاض میٹرو کے تمام سٹیشنوں کا ایک ڈیزائن ہے اور یہ  ماحول دوست ہیں۔ بجلی کی 20 فیصد ضروریات شمسی توانائی سے حاصل کرنے والے نظام سے آراستہ اور وائی فائی ٹیکنالوجی سے لیس ہیں۔
کئی سٹیشنوں پر تجارتی مراکز اور کھانے پینے کی اشیا سمیت متعدد سہولتیں فراہم کرنے والے مراکز بھی کھلے ہوئے ہیں۔ 
ریاض میٹرو ٹریکس چار بڑے سٹیشنوں کو کراس کرتے ہیں۔ شمالی ریاض کو جنوبی، مشرقی اور مغربی ریاض سے جوڑے ہوئے ہیں۔
یہ سٹیشن شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کی کامیابی اور مسافروں کو میٹرو سے سفر پر آمادہ کرنے کی اہم ضمانت ہیں۔ سٹیشن زیادہ آبادی والے علاقوں میں بنائے گئے ہیں جہاں بسوں کی سہولتیں بھی مہیا ہیں۔ 
ریاض میٹرو کا ایک سٹیشن قصر الحکم  کے علاقے میں ہے، دوسرا شاہ عبداللہ مالیاتی مرکز، تیسرا العلیا، چوتھا سینٹرل سبزی منڈی میں ہے- 
ریاض میٹرو کے ماتحت 25 پبلک پارکنگز ہیں جہاں 400 سے 600 گاڑیوں کی پارکنگ کی گنجائش ہے۔ علاوہ ازیں ریاض میٹرو کے مینٹی نینس سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔

شیئر: