Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میٹرو کا افتتاح رواں سال تیسری سہ ماہی میں ہوگا

تجرباتی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ ( فوٹو ٹوئٹر)
 سعودی عرب میں ریاض رائل اتھارٹی کے ایگزیکٹیو چیئرمین فہد الرشید نے کہا ہے کہ ریاض میٹرو کا باقاعدہ افتتاح سال رواں کی تیسری سہ ماہی کے دوران کردیا جائے گا۔ تجرباتی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ 
الاقتصادیہ کے مطابق انہوں  نے کہا کہ رائل اتھارٹی ان دنوں میٹرو کا دائرہ وسیع کرنے کے پروگرام کا جائزہ لے رہی ہے۔ دارالحکومت کا رقبہ اور آبادی میں اضافے کے پیش نظر ایسا کیا جائے گا۔

ریاض میں سرکاری سرمایہ کاری کا حجم ایک ارب ڈالر ہوچکا ہے۔ (فوٹو ٹوئٹر)

علاوہ ازیں ریاض میں نئے تجارتی، صنعتی اور تفریحاتی منصوبے بھی کھولے جارہے ہیں۔ ان سب کو مدنظر رکھ کر ریاض میٹرو پروجیکٹ میں توسیع ہوگی۔
ریاض رائل اتھارٹی کے ایگزیکٹیو چیئرمین کا کہنا تھا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ریاض حکمت عملی کا تذکرہ کیا ہے اس کے تحت سو پروجیکٹ نافذ ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ریاض میں سرکاری سرمایہ کاری کا حجم ایک ارب ڈالر ہوچکا ہے۔ 20 عالمی کمپنیاں ریاض میں اپنے دفاتر کھولیں گی۔ انہیں پتہ ہے کہ ریاض خطے کا سب سے بڑا اقتصادی شہر ہے۔ 

میٹرو کا دائرہ وسیع کرنے کے پروگرام کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔( فوٹو ٹوئٹر)

فہد الرشید نے کہا کہ ریاض فی الوقت دنیا کا چالیسواں بڑا اقتصادی طاقت کا مالک شہر ہے اور اس کی آبادی 75 لاکھ ہے۔  
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے یہاں دنیا کا سب سے بڑا صنعتی شہر قائم کیا جائے گا۔ یہ خطے کا لاجسٹک سینٹر ہوگا-۔ خطے کی آبادی سو ملین تک پہنچانے کی منصوبہ بندی ہورہی ہے۔ 

شیئر: