Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ 2023 کا نیا پوائنٹس سسٹم کیا ہے؟

پہلے ایڈیشن میں نو ٹیموں میں سے ہر ٹیم چھ سیریز کھیلے گی۔ فوٹو اے ایف پی
بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے آئندہ ماہ شروع ہونے والی عالمی ٹیسٹ چیمپیئن شپ اور دوطرفہ سیریز کے طریقہ کار،  پوائنٹس سسٹم اور مدمقابل ٹیموں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ 
کرکٹ کی عالمی تنظیم آئی سی سی کے مطابق ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) اور دو طرفہ سیریز کے دوسرے ایڈیشن میں پاکستان انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز جبکہ سری لنکا، بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے خلاف اوے سیریز کھیلے گا۔
 دو طرفہ سیریز میں پاکستان اور انڈیا مدمقابل نہیں ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق پوائنٹس سسٹم میں ترمیم کی گئی ہے جس کے تحت ہر میچ میں ٹیم کو کامیابی پر 12 پوائنٹس، جبکہ ڈرا پر چار، ٹائی پر چھ جبکہ شکست پر کوئی پوائنٹ نہیں ملے گا۔ 
ترمیم شدہ پوائنٹس سسٹم کے تحت دو میچز کی سیریز 24، تین میچز کی سیریز 26، چار میچز کی سیریز 48 اور پانچ میچز کی سیریز 60 پوائنٹس کی ہوگی۔
2021-23 کے دوران ہونے والی ورلڈ چیپیئن شپ کے پہلے ایڈیشن میں نو ٹیموں میں سے ہر ٹیم چھ سیریز کھیلے گی، جن میں سے تین ہوم جبکہ تین اوے سیریز کھیلی جائیں گی۔ اگست میں شروع ہو نے والی عالمی چیمپیئن شپ 31 مارچ 2023 کو اختتام پذیر ہوگی۔
آئی سی سی کے قائم مقام سربراہ جیف الارڈس کا کہنا ہے کہ پوائنٹس سسٹم کو آسان کرنے کے لیے ترامیم کی گئی ہیں۔
اس سے قبل آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں ہر سیریز کو 120 پوائنٹس مختص کیے گئے تھے جسے سیریز میں میچز کی تعداد کے حساب سے تقسیم کیا جاتا تھا۔ نئے نظام کے تحت ہر میچ جیتنے کے 12 پوائنٹس دیے جائیں گے جبکہ میچ ٹائی ہونے پر 6 اور ڈرا ہونے پر 4 پوائنٹس دیے جائیں گے۔

شیئر: