Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تیسرا ٹی20: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو ہرا کر سیریز جیت لی

پاکستان نے حریف ٹیم کو جیت کے لیے 190 رنز کا ہدف دیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان نے ٹی20 کے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں ویسٹ انڈیز کو 13 رنز سے شکست دے کر سیریز بھی اپنے نام کر لی ہے۔
امریکہ کی ریاست فلوریڈا کے شہر لاؤڈر میں ہونے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور حریف ٹیم کو جیت کے لیے 190 رنز کا ہدف دیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے نصف سینچریز سکور کیں جن کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں ٹیم کا مجموعی سکور 189 تک پہنچا۔
صاحبزادہ فرحان نے 74 صائم ایوب نے 66 رنز بنائے جبکہ حسن نواز 15 اور محمد حارث دو رنز بنا پائے۔
خوشدل شاہ 11 اور فہیم اشرف 10 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
ویسٹ انڈیز کے بولرز جیسن ہولڈر، روسٹن چیز اور شمار جوزف ایک ایک پاکستانی بلے باز کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔
190 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم چھ وکٹس کے نقصان پر  مقررہ 20 اوورز میں 176 رنز بنا سکی۔
اس میچ کے موقع پر پاکستان کی ٹیم میں دو تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں۔ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی جگہ حارث رؤف کو کھلایا گیا جبکہ جبکہ فخر زمان کی جگہ خوشدل شاہ ٹیم کا حصہ بنے۔
خیال رہے تین میچوں پر مشتمل ٹی20 سیریز کے دو میچ ہو چکے ہیں جن میں سے پہلا پاکستان نے جیتا جبکہ اتوار کو ہونے والے میچ میں ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو ہرایا جس کے بعد سیریز ایک، ایک سے برابر ہو گئی تھی۔
تاہم آج کا میچ جیتنے کے بعد پاکستان تین میچوں کی سیریز بھی جیت گیا ہے۔

ویست انڈیز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 176 رنز بنا سکی (فوٹو: اے ایف پی)

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ویسٹ انڈیز سے سیریز جیتنے پر کرکٹ ٹیم اور قوم کو مبارک باد دی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’ٹیم ورک اور محنت کامیابی کی کنجی ہے، امید ہے کہ ٹیم مزید یکسو ہو کر کامیابیوں کا یہ سلسلہ جاری رکھے گی۔‘
اسی طرح پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی ٹیم کو مبارک باد دی ہے۔
انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’امریکہ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی20 سیریز میں شاندار جیت پر ٹیم کو مبارک باد، زبردست ٹیم ورک، عزم اور جوش دیکھنے کو ملا۔‘
ان کے مطابق ’قوم کا سر فخر بلند کرنے والے کھلاڑیوں پر فخر ہے۔‘

 

شیئر: