ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز: آج فائنل میں پاکستان اور جنوبی افریقہ آمنے سامنے
ہفتہ 2 اگست 2025 16:33
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستان چیمپئنز ایونٹ میں تاحال ناقابل شکست ہے (فائل فوٹو: پاکستان چیپمئنز)
ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) کے فائنل میں پاکستان چیمپئنز اور جنوبی افریقہ چیمپئنز آمنے سامنے ہوں گی۔
برطانوی شہر برمنگھم میں میچ کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق سنیچر کی رات ساڑھے آٹھ بجے ہوگا۔
پاکستان چیمپئنز کی قیادت محمد حفیظ کر رہے ہیں جبکہ جنوبی افریقہ چیمپئنز کے کپتان اے بی ڈیویلیئرز ہیں۔
پاکستانی ٹیم کو ایونٹ میں تاحال ناقابلِ شکست رہنے کا اعزاز حاصل ہے جبکہ سیمی فائنل میں انڈیا کی جانب سے میچ سے دستبرداری کے بعد پاکستان نے براہ راست فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
پاکستان چیمپئنز کی جانب سے انسٹاگرام پوسٹ پر فائنل سے قبل لکھا گیا کہ ’آخری پڑاؤ فائنل۔‘
دوسری جانب جنوبی افریقہ نے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو ایک سنسنی خیز مقابلے میں شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔
ڈبلیو سی ایل ٹی20 کرکٹ فارمیٹ پر مبنی ایک ٹورنامنٹ ہے جو ہر سال انگلینڈ میں منعقد ہوتا ہے اور اسے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی منظوری حاصل ہے۔
یہ ٹورنامنٹ ریٹائرڈ اور غیرکنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں پر مشتمل ہوتا ہے جن کا تعلق کرکٹ کی بڑی ٹیموں جیسے پاکستان، انڈیا، انگلینڈ، آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ سے ہوتا ہے۔
سنہ 2024 میں ڈبلیو سی ایل کا پہلا سیزن کھیلا گیا تھا، تاہم اب یہ ایونٹ دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کی توجہ حاصل کر چکا ہے۔
اس ٹورنامنٹ میں شاہد آفریدی، یووراج سنگھ، کیون پیٹرسن، بریٹ لی، ایئن مورگن اور کرس گیل جیسے معروف سابق کرکٹرز نے شرکت کی۔
