جدہ سمر سیزن پورے جوش و خروش سے جاری ہے، جو تفریح، کھیلوں، خریداری اور ثقافتی تجربات کا حسین امتزاج پیش کر رہا ہے۔
یہ سیزن گرمیوں کی شدت کے باوجود مقامی افراد اور سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کر رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی ٹورازم اتھارٹی کی ’اپنی گرمیوں کو رنگین بنائیں‘ مہم کے تحت جدہ سمر سیزن 31 اگست تک جاری رہے گا۔

اس دوران مختلف تقریبات کا بھرپور سلسلہ پیش کیا جا رہا ہے جو جدہ کے ساحلی حسن، خاندانی تفریح اور تجارتی سرگرمیوں کو اجاگر کرتا ہے۔
دلچسپ فارسٹ ونڈرز، سنسنی خیز ہارر فیسٹول، پرجوش بیچ سرگرمیوں، موسیقی کے دلکش پروگراموں اور البلد میں ورثے سے جڑی خریداری تک، جدہ سمر سیزن کا پروگرام شہر کو سعودی عرب کی ایک اعلٰی درجے سیاحتی منزل کے طور پر پیش کرتا ہے۔
رواں برس کی مقبول سرگرمیوں میں جدہ شاپنگ فیسٹول شامل ہے جو بڑی ریٹیل ڈیلز کو پرجوش موسیقی کی شاموں اور دل لگانے والے والے لائیو شوز کے ساتھ یکجا کرتا ہے۔

ویسٹ کوسٹ بیچ پروگرام کے تحت مشہور مقامات پر مختلف سرگرمیاں جاری ہیں۔
دلکش مقامات میں زایا، ایڈن اور کشۃ بیچز، سوق، پنک بیچ (خواتین کے لیے مخصوص نجی مقام)، اور جدہ ویوز شامل ہیں، جہاں سیاح ریڈ سی کے ساحل پر کنسرٹس، فوڈ سٹالز اور تفریح سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
فارسٹ ونڈرز خاندانوں کا پسندیدہ مقام بن کر سامنے آیا ہے۔ یہ ایئر کنڈیشنڈ، جنگل تھیم پر مبنی انڈور وینیو ہے، جس میں جانوروں سے ملاقات، تھیٹر پرفارمنس، ایڈونچر سٹائل ڈائننگ، اور بچوں و بڑوں دونوں کے لیے دلچسپ، انٹرایکٹیو تجربات شامل ہیں۔

لوگوں کا کہنا ہے کہ اس سال کا پروگرام پہلے کی نسبت زیادہ تنوع اور بہترین ہے۔
ابوالرحمن النھاری جوجازان سے آئے ہیں، نے سرگرمیوں کی تنظیم اور تنوع کی تعریف کی اور بیادا کے ساحل اور جزیرے کے دورے کو خاص طور پر نمایاں کیا۔
انہوں نے عرب نیوز سے گفتگو میں کہا ’ہم ہر موسمِ گرما جدہ آتے ہیں، لیکن اس سال کا تجربہ واقعی غیر معمولی رہا ہے۔ ‘

مکہ سے تعلق رکھنے والی دو بچوں کی ماں فاطمہ البقمی نے کہا کہ ’ان کے بچے ’فارسٹ ونڈرز‘ کو بہت پسند کرتے ہیں، جبکہ وہ خود تاریخی البلد ضلع میں خریداری سے لطف اندوز ہوئیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ جدہ کے دل میں ایک منفرد خریداری کا تجربہ ہے جہاں آپ کو ضرورت کی ہر چیز مل سکتی ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ’ وہ باب مکہ کے سی فوڈ ریستوران میں کھانا کھانے کا بھی لطف اٹھاتے ہیں۔‘