دبئی: سرخ صندل چھڑوانے کیلئے 98ملین درہم رشوت ، 4ایشیائی تاجر گرفتار
ممنوعہ سرخ صندل کی مجموعی قیمت 294ملین درہم تھی، اینٹی کرپشن ادارے نے اطلاع ملنے پر افسر کو رشوت قبول کرنے کی ہدایت کر دی تھی
دبئی : دبئی کے عدالتی ذرائع نے بتایا ہے کہ یہاں سرخ صندل چھڑوانے کیلئے 4ایشیائی تاجروں نے دبئی فری زون میں کسٹم اور بندرگاہوں کی سیکیورٹی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو 98کنٹینرز چھوڑنے پر 98ملین درہم کی رشوت دیتے ہوئے گرفتار کر لئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق سرخ صندل کے لین دین پر پوری دنیا میں پابندی لگی ہوئی ہے۔ ایشیائی تاجروں نے ڈائریکٹر مذکور سے رابطہ کر کے درخواست کی تھی کہ انہیں سرخ صندل سے بھرے ہوئے 98کنٹینرز جبل علی بندرگاہ سے فری زون گودام منتقل کرا دے ۔ اس پر وہ اسے فی کنٹینر ایک ملین درہم پیش کریں گے۔ 98کنٹینرز میں موجود سرخ صندل کی قیمت 294ملین درہم تھی۔ ایشیائی تاجروں نے کہا تھا کہ کنٹینرز کی بحفاظت منتقلی کے بعد ہی وہ رشوت کی رقم دینگے۔ ایشیائی تاجر سرخ صندل دبئی ہی میں کچھ لوگوں کو فروخت کرنے کا سودا کئے ہوئے تھے۔ ڈائریکٹر مذکور نے اینٹی کرپشن ادارے سے رابطہ قائم کر کے صورتحال سے مطلع کر دیا اور پھر ان کی ہدایت پر رشوت پیش کرنے والوں سے ان کا کام کرانے کی حامی بھرلی۔ ریاستی سیکیورٹی کے اہلکاروں نے ایشیائی تاجروں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرنے کے سارے انتظامات کر لئے تھے۔چنانچہ جب انہو ںنے 50ہزار درہم ابتدائی رقم کے طور پر پیش کئے تو موقعہ پر موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے ساری کارروائی ریکارڈ کر کے انہیں گرفتار کر لیا۔ سارا معاملہ فوجداری کی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔