تین میچوں پر مشتمل ٹی20 سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 90 رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی ہے۔
سنیچر کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں 198 رنز کے تعاقب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 108 رنز بنا کر 16ویں اوور میں آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد اور شاداب خان کی شاندار بولنگ نے آسٹریلیا کی بیٹنگ کو ناکام بنا دیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے سات کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکے جبکہ شاداب خان اور ابرار احمد نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
مزید پڑھیں
-
پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو 115 ڈالر یومیہ الاؤنس ملے گاNode ID: 900051
-
پہلا ٹی20: پاکستان نے آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست دے دیNode ID: 900053
اس سے قبل پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے تھے۔
پاکستان کی جانب سے کپتان سلمان علی آغا 40 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 76 اور عثمان خان 53 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
آسٹریلیا کی اننگز
پاکستان کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی اننگز کا آغاز کپتان مچل مارش اور ٹریوس ہیڈ نے کیا، تاہم دونوں اوپنرز جلد آؤٹ ہو گئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے سب سے زیادہ رنز کیمرون گرین نے بنائے، جنہوں نے 20 گیندوں پر 35 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کے بعد میتھیو شارٹ 27 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کپتان مچل مارش نے 18 رنز سکور کیے۔
اسی طرح سے زیویئر بارٹلیٹ نے 10 رنز بنائے، جوش انگلس پانچ، ٹریوس ہیڈ چار اور ایڈم زمپا تین رنز بنا سکے۔ اس کے علاوہ میٹ رینشا اور میتھیو کنیمن نے دو، دو رنز بنائے، کوپر کونولی ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ شان ایبٹ صفر پر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے سے ابرار احمد اور شاداب خان نے تین تین جبکہ عثمان طارق اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
Last wicket! Usman Tariq traps Matthew Kuhnemann and Pakistan seal a massive 90-run win #PAKvAUS | #MateWeAreReady | #BackTheBoysInGreen pic.twitter.com/X4csLV3F9H
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) January 31, 2026
پاکستان کی اننگز
پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا انتخاب کیا تو اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے کیا، تاہم صاحبزادہ فرحان زیادہ دیر کریز پر نہ رک سکے اور پانچ گیندوں پر پانچ رنز بنا کر میتھیو کنیمن کی گیند پر وکٹ کیپر جوش انگلس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
صائم ایوب نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 11 گیندوں پر 23 رنز سکور کیے، جس میں چار چوکے شامل تھے تاہم وہ کوپر کونولی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔
کپتان سلمان علی آغا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 40 گیندوں پر 76 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں آٹھ چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔ وہ شان ایبٹ کی گیند پر وکٹ کیپر جوش انگلس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
بابر اعظم اس میچ میں بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور پانچ گیندوں پر صرف دو رنز بنا کر ایڈم زمپا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔
وکٹ کیپر بیٹر عثمان خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 36 گیندوں پر 53 رنز بنائے، جس میں چار چوکے اور دو چھکے شامل تھے، تاہم وہ زیویئر بارٹلیٹ کی گیند پر میتھیو شارٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔













