Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چینی ویکسین کی منظوری سے متعلق وزارت صحت کی وضاحت

سعودی عرب چار ویکسینوں کی منظوری دیے ہوئے ہے(فوٹو سبق)
سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ ’سائنوفام اور سائنو ویک کورونا ویکسین کی ابھی تک سعودی عرب میں منظوری نہیں دی گئی ہے‘۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان العبد العالی نے بتایا کہ سعودی عرب (فائزر، ایسٹرازینکا، موڈرنا اور جانسن اینڈ جانسن) چار ویکسینوں کی منظوری دیے ہوئے ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ’ان چار کے علاوہ کوئی اور ویکسین ابھی تک مملکت میں منظور نہیں کی گئی۔ سائنوفام اور سائنو ویک کا اندراج ابھی تک نہیں ہوا ہے‘۔
العربیہ نیٹ کے مطابق ترجمان نے وضاحت کی کہ جن افراد نے چینی ویکسین کی دو خوراکیں لی ہیں وہ سعودی عرب میں منظور شدہ ویِکسین کی ایک اضافی خوراک لے سکتے ہیں۔ 
یاد رہے کہ سعودی عرب نے اپنے ای ویزا پورٹل پر اعلان کیا تھا کہ چینی ویکسین کی دو خوراکیں لینے والے مملکت میں منظور شدہ ویکسین کی ایک اضافی خوراک لینے کی صورت میں سعودی عرب آسکتے ہیں۔ 
وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’کورونا کی چاروں ویکسینیں محفوظ اور اہم ہیں۔ خواتین حمل کے ہر مرحلے میں منظور شدہ چاروں ویکسینوں میں سے کوئی بھی لگوا سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس کورونا وائرس حاملہ خواتین کے لیے پرخطر ہے اور انہیں مشکلات سے دوچار کرسکتا ہے۔

 ترجمان نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہ کو غلط قرار دیا

 ترجمان نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اس افواہ کو غلط قرار دیا جس میں دعوی کیا جا رہا ہے کہ کورونا ویکسین لینے والے کئی بچوں کی موت واقع ہوگئی ہے۔
ڈاکٹر محمد العبد العالی کا کہنا تھا کہ اس افواہ کا حقیقت سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مملکت میں کورونا ویکسین کی خوراکیں اچھی خاصی تعداد میں دی جاچکی ہیں۔ کورونا وائرس کے کیسز میں کمی واقع ہورہی ہے۔
ویکسینوں کی وجہ سے نازک کیسز میں بھی کمی ریکارڈ کی جارہی ہے۔ 99 فیصد نازک کیسز کا تعلق ان مریضوں سے ہے جنہوں نے ویکسین نہیں لی۔

شیئر: