Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چینی ویکسین لگوانے والے سیاحتی ویزے پر مملکت کیسے آئیں؟

 یکم اگست سے سیاحتی شعبے کو غیرملکیوں کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب نے اپنے ای ویزا پورٹل پر اعلان کیا ہے کہ وہ غیر ملکی وزیٹر جنہوں نے چینی کورونا ویکسین سائنو فام یا سائنو ویک کی دو خوراکیں لی ہیں انہیں مملکت میں داخلے کی اجازت دی جائے گی تاہم بین الاقوامی مسافروں کو سعودی عرب میں منظور شدہ چار مغربی ویکسین میں سے کسی ایک کی بوسٹر خوراک درکار ہوگی۔
یاد رہے کہ سعودی عرب نے منظور شدہ ویکسین کی دونوں خوراک لینے  کی شرط پر یکم اگست سے سیاحتی شعبے کو غیرملکی سیاحوں کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ای ویزا پورٹل پر موجود نوٹیفیکیشن میں کہا گیا کہ ’سیاحتی ویزے پر مملکت آنے والے تمام مسافروں کو فی الحال منظور شدہ چار ویکسینوں میں سے کسی ایک کے مکمل کورس کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا۔ ان میں فائزر، ایسٹرا زینیکا اور موڈرنا کی دو خوراکیں یا جانسن ایڈن جانسن کی ایک خوراک شامل ہے‘۔
’سیاحتی ویزے پر آنے والے ایسے مسافر جنہوں نےسائنو فام یا سائنو ویک ویکسین کی دوخوراکیں لی ہیں اگر وہ مملکت میں منظور شدہ ویکسین میں سے کسی ایک کی اضافی خوراک لے چکے ہوں تو انہیں بھی قبول کیا جائے گا ‘۔
غیر ملکی جو سعودی عرب کا سفر کرنا چاہتے ہیں انہیں منظور شدہ ویکسینیش سرٹیفکیٹ اور پی آر سی ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنا ہوگی جو مملکت روانگی سے 72 گھنٹے پہلے لیا گیا ہو‘۔

منظور شدہ ویکسین لینے والوں کو قرنطینہ کی کوئی ضرورت نہیں ہے( سکرین شاٹ)

سرکاری ویب سائٹ پر جاری نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ ’سعودی عرب میں منظور شدہ ویکسین لینے والے مسافروں کے لیے قرنطینہ کی کوئی ضرورت نہیں ہے‘۔
ای پورٹل پر یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’پہلے سے جاری ہونے والے سیاحتی ویزا رکھنے والے مسافروں کو ایئرپورٹ پر کورونا سے متعلق طبی اخراجات کے لیے چالیس ریال فیس بھی ادا کرنا ہوگی‘۔
یاد رہے کہ  پاکستان میں لوگوں کی بڑی تعداد نے چینی ویکسین کی خوراکیں لی ہیں اور  ہزاروں افراد ملازمت، عمرہ اور حج کے لیے سعودی عرب کا سفر کرتے ہیں تاہم پاکستان کا نام ریڈ لسٹ میں ہونے کے باعث عارضی پابندی عائد ہے۔

شیئر: