طالبان غیرملکیوں، افغانوں کو باہر جانے دینے کے حوالے سے وعدے پورا کریں: سلامتی کونسل
وائٹ ہاؤس کی ترجمان کا کہنا تھا کہ اب تک چھ ہزار امریکیوں کو افغانستان سے نکالا گیا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے طالبان پر زور دیا ہے کہ وہ غیر ملکیوں اور افغان شہریوں کی افغانستان سے ’محفوظ‘ انخلا کے حوالے سے اپنے وعدے پورا کریں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 15 رکنی سکیورٹی کونسل نے اس حوالے سے ایک قرارداد منظور کی ہے جس میں طالبان پر اپنے وعدوں کو پورا کرنے پر زور دیا گیا ہے۔
قرار داد تیرہ ووٹوں کی اکثریت سے منظور کی گئی ہے جب کہ دو ممبران چین اور روس نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
قرارداد برطانیہ امریکہ اور روس نے مل کر ڈرافٹ کی تھی۔ تاہم اس میں فرانسیسی صدر کی جانب سے ’محفوظ زون‘ کے قیام کی بات شامل نہیں۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ کونسل توقع کرتی ہے کہ طالبان تمام غیر ملکیوں اور افغانوں کو افغانستان سے ’محفوظ، سکیور اور ترتیب وار‘ جانے کی اجازت دیں گے۔
قرارداد میں 27 اگست کو طالبان کی جانب سے جاری بیان کا حوالہ دیا گیا ہے جس میں طالبان نے کہا تھا کہ افغان شہری کسی بھی وقت بیرون ملک کا سفر بارڈر کراسنگ، بذریعہ سڑک یا جہاز کے ذریعے کر سکتے ہیں۔
’سکیورٹی کونسل کو توقع ہے کہ طالبان اپنے ان اور دوسرے تمام وعدوں کو پورا کریں گے۔‘
دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی ترجمان کا کہنا تھا کہ اب تک چھ ہزار امریکیوں کو افغانستان سے نکالا گیا ہے۔
روئٹرز کے مطابق وائٹ ہاؤس کے پریس سیکریٹری جان پساکی کا کہنا تھا کہ بائیڈن ایڈمنسٹریشن یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ اب بھی کتنے ایسے امریکی افعانستان میں موجود ہیں جو کہ وہاں سے نکلنا چاہیتے ہیں۔
تاہم ان کے مطابق یہ تعداد بہت ہی کم ہے۔