Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طویل عمر جڑواں بہنوں کا نیا عالمی ریکارڈ جاپانی بہنوں کے نام

پرائمری سکول میں جدا ہونے کے بعد جڑواں بہنیں پہلی مرتبہ 70 سال کی عمر میں ملیں۔ فوٹو: گینیز
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے دو جاپانی بہنوں کو دنیا کی سب سے عمر رسیدہ جڑواں بہنیں قرار دیا ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق 107 سال عمر کی جاپانی بہنیں امینو سومیامہ اور کومی کوڈامہ 5 نومبر 1913 کو مغربی جاپان کے شوڈوشیما جزیرے پر پیدا ہوئی تھیں۔
گیارہ بہن بھائیوں میں یہ دونوں بہنیں تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔
دونوں جڑواں بہنیں پرائمری سکول کے بعد علیحدہ ہو گئی تھیں جب کومی کوڈامہ کو کسی کی گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کرنے کی غرض سے  جنوبی جاپان کے ایک جزیرے پر منتقل ہونا پڑا۔ بعد ازاں کومی کوڈامہ کی شادی بھی وہیں ہوئی جبکہ ان کی جڑواں بہن سومایہ نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ زندگی آبائی علاقے میں ہی گزاری۔
دونوں جڑواں بہنوں نے اپنے بچپن کے مشکل دن یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ہراساں کیا جاتا کیونکہ جاپان میں بہت زیادہ بچے پیدا کرنے والے خاندان کو تعصب کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔
جڑواں بہنیں بچپن میں بچھڑنے کے بعد ستر سال کی عمر میں پہلی دفعہ ملی تھیں۔ یکم ستمبر کو امینو سومیامہ اور کومی کوڈامہ 107 سال اور 300 دن کی ہو گئی ہیں۔
گینیز ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امینو سومیامہ اور کومی کوڈامہ نے پچھلا ریکارڈ توڑ دیا ہے جو جاپانی بہنوں کن ناریٹا اور جن کینی نے قائم کیا تھا۔ ان کی عمر 107 سال 175 دن تھی۔
امینو سومیامہ اور کومی کوڈامہ کی فیملی نے بتایا کہ جڑواں بہنوں اکثر ریکارڈ توڑنے کا ذکر کرتی تھیں۔ 

شیئر: