Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور پاکستان کی دوستی لازوال ہے،سراج الحق

30لاکھ پاکستانی سعودی عرب میں اپنے ملک کے سفیر ہیں،لاکھوں پاکستانیوں کو روزگار دینے پر سعودی حکومت کے شکرگزار ہیں،امیر جماعت اسلامی کا ریاض میں یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب 

 
ریاض: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کی دوستی لازوال ہے۔ سعودی عرب میں ہمارے مقدس مقامات ہیں اس لیے سرزمین حرمین کا دفاع ہر مسلمان کا فرض ہے ۔30 لاکھ سے زائد پاکستانی یہاں پاکستان کے سفیر ہیں۔جو طاقتیں عالم اسلام کو تقسیم کرنا چاہتی ہیں ان کے مقابلے میں سعودی عرب عالم اسلام کی وحدت کی علامت ہے ۔پاکستان کی بنیاد مدینہ طیبہ کی اسلامی ریاست کی طرز پر رکھی گئی تھی۔پاکستان اور سعودی عرب ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں۔ دونوں برادر ممالک میں تعلقات روز بروز مضبوط تر ہونا ناگزیر ہے۔ سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں کہ اپنے لاکھوں پاکستانی بھائیوں کو محنت کے مواقع فراہم کئے ہیں۔ وہ یہاں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے یوم پاکستان کے سلسلے میں ہونے والے ایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے پاکستان سے محبت کا ثبوت دیا۔تقریب میں یوم پاکستان کی مناسبت سے ترانے بھی پڑھے گئے۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق رابطہ عالم اسلامی کے 3روز ہ اجلاس میں شرکت کیلئے ریاض پہنچے تھے۔پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیاجائے۔پاکستانی 18 ارب ڈالر زر مبادلہ بھیجتے ہیں اس لیے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو خاص مراعات دینی چاہیں۔ ان کے بچوں کیلئے تعلیم کے معقول انتظامات کئے جائیں اور وطن میں ان کی پراپرٹی اور مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے ۔انہوںنے کہا کہ موجودہ حکمران نظریہ پاکستان سے دور چلے گئے ہیں۔وہ اپنے وعدے پورے نہیں کر رہے۔پاکستان میں اگر قانون کی حکمرانی ہوتی تو پاکستان 2حصوں میں تقسیم نہ ہوتا۔ غربت اور مہنگائی میں اضافہ حکمرانوں کے تحفے ہیں۔قوم کی تقدیر بدلنے کیلئے بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنا کردار ادا کریں۔  انہوںنے کہا کہ 23مارچ یوم پاکستان کے موقع پر میں پوری قوم کو مبارکباد پیش کر رہا ہوں۔مسلمانوں نے قرارد اد پاکستان منظور کی تھی مگر حکمرانوں نے آج ملک کے نظریے پر تیشے چلانے شروع کر دئیے ہیں ۔وہ ملک میں اسلام اور کفر کو اکٹھا کر رہے ہیں تاکہ یہاں لبرل ازم آجائے  پاکستان کے عوام نظریہ پاکستان کی ہر صورت حفاظت کریں گے۔پاکستانی کمیونٹی کا یہ بے مثال اجتماع اسلامی پاکستان اور خوشحال پاکستان کا یقین مزید راسخ کر رہا ہے۔ پاکستان سے کرپشن کا خاتمہ کرکے دنیا بھر میں روشن مثال قائم کریں گے۔ غریب پاکستانی محنت کش تو ایک ایک پیسہ جمع کرکے پاکستان بھیج رہا ہے اور لٹیروں کا ٹولہ ملک کی دولت جمع کرکے بیرون ملک بینکوں کو بھیج رہا ہے۔جماعت اسلامی کرپشن سے پاک اور باصلاحیت قیادت و کارکنان کی جماعت ہے۔ سپریم کورٹ میں بھی اس حقیقت کا اعتراف کیا گیا کہ پاکستان پر مسلط حکمران لیڈر نہیں ذاتی مفادات کے ڈیلر ہیں۔تقریب میں پاکستان اور سعودی عرب کے قومی ترانے بھی پڑھے گئے۔ 
 
 
 
پاکستانی کمیونٹی کی مزید خبروں کے لئے ٹیگز پر کلک کریں
 

شیئر: