Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلسطین میں دنیا کا سب سے بڑا موزیک فرش نمائش کے لیے کھول دیا گیا

فلسطین کی حکومت نے مغربی کنارے میں واقع تاریخی شہر یریحو میں پچی کاری یا موزیک سے تیار کردہ دنیا کا سب سے بڑا فرش نمائش کے لیے کھول دیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق آٹھویں صدی میں سلطنت بنو امیہ کے دور سے وابستہ ہشام محل کے اس 836 مربع میٹر فرش کی مرمت میں کئی سال لگے ہیں۔

پچی کاری یا موزیک کی فنکارانہ ترکیب کے ذریعے مختلف پتھروں، ٹائلوں یا شیشوں کو جوڑ کر نقش یا تصاویر بنائی جاتی ہیں۔ 
دنیا کے سب سے بڑے اس فرش پر پچاس لاکھ فلسطینی پتھروں سے نقش کاری کی گئی ہے جن کا رنگ بھی منفرد نوعیت کا ہے۔

ان پتھروں سے فرش پر درجنوں کے حساب سے نقش کاری کی گئی ہیں جس میں سے ایک میں شیر کو ہرن کا شکار کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جو دراصل جنگ کی علامت ہے جبکہ ایک اور جگہ پر دو غزال کھڑے ہیں جو امن کی علامت ہیں۔

اس کے علاوہ فرش پر موزیک کے ذریعے نازک پھول بوٹے اور دیگر ڈیزائن بھی بنے ہوئے ہیں۔

کئی صدیوں بعد انیسویں صدی میں ہشام محل دریافت کیا گیا تھا جبکہ 1930 کہ دہائی میں یہاں موجود اس موزیک فرش کے بارے میں معلوم ہوا تھا۔

جاپان کی جانب سے بارہ ملین ڈالر کی مالی معاونت سے پانچ سال قبل اس محل کی بحالی کا کام شروع ہوا تھا۔

ہشام محل 150 ایکڑ کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔

شیئر: