Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فضائی آپریشن مکمل بحال، پاکستان سے پہلی براہ راست پرواز جدہ روانہ

مارچ 2020 میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معطل ہونے والا فضائی آپریشن مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پہلی براہ راست پرواز 231 مسافروں کو لے کر جدہ روانہ ہو گئی ہے۔ 
پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف سعید المالکی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پروازوں میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا تاکہ پاکستانی ورکرز جلد اپنے دوسرے گھر سعودی عرب واپس پہنچ سکیں۔ 
سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے براہ راست پروازوں کی بحالی کے بعد پاکستانی مسافر بھی 14 روز کسی بیرون ملک میں گزارنے کی پابندی سے آزاد ہو گئے ہیں۔
اسلام آباد سے آج سعودی ایئر لائن کی پرواز 231 مسافروں کو لے کر روانہ ہو گئی ہے 
مسافروں کی روانگی کے لیے اسلام آباد ایئر پورٹ پر خصوصی انتظامات کیے گئے تھے کہ کورونا ایس او پیز، قرنطینہ اور دیگر پابندیوں کے بارے میں مسافروں کو آگاہی دی جا سکے۔ 
پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نے مسافروں کو رخصت کیا اور انھیں پھول پیش کیے۔ 
سعودی سفیر نے چیک ان کاؤنٹرز پر مسافروں کے مسائل بھی سنے اور ایئر لائن حکام کو مسافروں کے مسائل حل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ 
کئی ماہ پاکستان میں گزارنے کے بعد واپس سعودی عرب روانہ ہونے والے مسافروں نے براہ راست پروازوں کی بحالی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب اپنے بچوں کے لیے روزی کمانے جا رہے ہیں۔ براہ راست پروازوں سے انھیں واپس پہنچنے میں آسانی ہو گئی ہے۔
سفری پابندیاں ختم ہونے کے بعد پاکستان اور انڈیا سمیت چھ ممالک سے مسافر براہ راست سعودی عرب میں داخل ہو سکیں گے۔

پہلی براہ راست پرواز 231 مسافروں کو لے کر جدہ روانہ ہو گئی ہے۔ فوٹو اردو نیوز

عرب نیوز کے مطابق سعودی حکومت سفری پابندیوں میں نرمی جاری رکھے ہوئے ہوئے اور چھ ممالک سے آنے والے مسافر اب 14 روز کسی بیرون ملک میں گزارنے کی پابندی سے آزاد ہو گئے ہیں اور براہ راست مملکت آ سکیں گے۔
ان ممالک میں انڈیا، مصر، پاکستان، انڈونیشیا، برازیل اور ویتنام شامل ہیں۔
سعودی عرب آنے والوں کو مصدقہ پی سی آر سرٹیفکیٹ کی ضرورت ہو گی جس کی رجسٹریشن پرواز سے 72 گھنٹے قبل قدوم پلیٹ فارم پر کی گئی ہو۔
اسی طرح ان کو پانچ روز قرنطینہ میں گزارنے ہوں گے، چاہے مملکت سے باہر وہ تمام حفاظتی انتظامات سے گزر چکے ہوں۔ ان کو مملکت پہنچنے پر پہلے روز اور پانچویں روز کورونا ٹیسٹ کروانا ہو گا۔
اگرچہ سعودی حکومت پابندیوں میں نرمی کی گئی ہے تاہم پچھلے جنوبی افریقہ میں کورونا کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد کچھ افریقی ممالک پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں
خیال رہے کہ چند روز قبل سعودی عرب کی جانب سے پاکستان اور انڈیا سمیت چھ ممالک کو یکم دسمبر سے براہ راست پروازوں کی اجازت دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

شیئر: