نئی دہلی .... مغربی ہندوستان کی ریاست راجستھان میں ایک پرہجوم مارکیٹ میں ایک گوالے نے رکشہ ڈرائیورکو اینٹ سر پر مار کر ہلاک کردیا۔36سالہ ڈرائیور مشتاق کی 40سالہ گوالے ہیرا لال کیساتھ ایک مصروف سڑک پر تلخ کلامی ہوئی۔ گوالہ دودھ لیکر موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ اچانک رکشہ ڈرائیو رنے چلا دیا اور وہ بال بال بچا۔ گوالے نے اسے برا بھلا کہنا شروع کردیا ڈرائیو ر بھی رکشہ سے اتر آیا اور لڑائی شروع ہوگئی۔ تلخ کلامی کے بعد ہیرا لال اپنی موٹر سائیکل پر جانے لگا تو ڈرائیور نے بیگ سے اسکرو ڈرائیور نکال کر اس پر حملے کی کوشش کی جس کے بعد گوالہ آپے سے باہر ہوگیا اور اس نے سڑک سے اینٹ اٹھا کر اس کے سر پر دے ماری۔ زخمی کو ہجوم نے اسپتال پہنچایا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس ترجمان نے کہا کہ گوالے نے اسکرو ڈرائیور کے ڈر سے اینٹ اٹھائی تھی۔ ہم عینی شاہدین کی گواہی ریکارڈ کررہے ہیں۔ ملزم کو جیل بھیج دیا گیا ہے اور 10دن میں اسکے خلاف چارج شیٹ پیش کردی جائیگی۔