سعودی وزیر اسلامی امور شیخ ڈاکٹرعبداللطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ نے سنیچر کو مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں کنگ عبدالعزیز 45 ویں بین الاقوامی مقابلہ حسن قرات، حفظ قرآن اور تفسیر کے فائنل راونڈ کا افتتاح کیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سرپرستی میں ہونے والے اس بین الاقوامی مقابلے میں 128 ملکوں سے 179 افراد شریک ہیں۔

مملکت میں اس مقابلے کے آغاز سے اب تک شرکا کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔ یہ مقابلہ چھ دن جاری رہے گا، جس میں ہر روز دو سیشن ہوں گے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اسلامی امور نے کہا’ مملکت کا سب سے بڑا اعزاز قرآن پاک کی خدمت اور اس کے حفاظ کو اعزاز دینا ہے۔ یہ روایت بانی مملکت کنگ عبدالعزیز کے دور سے شروع ہوئی اور شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان تک برقرار ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’مقابلے کا فیصلہ کرنے کے لیے وزارت نے واضح اور شفاف معیار مقرر کیے ہیں، سعودی عرب، یوگنڈا، مراکش اور البانیہ کے ججوں پر مشتمل کا ایک بین الاقوامی پینل منتخب کیا گیا ہے۔‘
مقابلے میں مجموعی طور پر چار ملین ریال کے انعامات ہیں۔ اس کے علاوہ ایک ملین ریال کے مالی انعامات ہیں جو تمام شرکا میں تقسیم کیے جائیں گے۔
مقابلے کی افتتاحی تقریب کی وزارت کی جانب سے قائم میڈیا سینٹر سے مقامی اور بین الاقوامی چینلز نے براہ راست کوریج کی۔