Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی 20- : ویسٹ انڈیز نے تیسرا میچ 7وکٹوں سے جیت لیا

جدہ(   ندیم ذکاء) تیسرا ٹی 20میچ   ویسٹ انڈیز نے 7وکٹوں سے جیت کر 4میچوںکی  سیریز کا نتیجہ 2-1کر دیا۔ 138رنز کا ہدف 15ویں اوورمیں حاصل کرلیا۔پاکستان  نے 8وکٹوں کے نقصان پر 137رنز بنائے تھے۔ ویسٹ انڈین اوپنر ایون لوئس نے 91رنز بنا کر  پاکستانی بولرز  کا بھرکس نکال دیا۔  پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔    پورٹ آف اسپین کے کوئنز پارک میں کھیلے گئے اس میچ کے پہلے ہی اوور میں سیموئل بدری نے احمد شہزاد کو   دوسری گیند پر  بولڈ کر دیا ۔  وہ  صرف ایک چوکا لگا سکے۔  اسی اوور کی چوتھی گیند پر عماد وسیم بھی کوئی رن بنائے بغیر  اسٹمپڈ آؤٹ ہو گئے۔ اوپنر کامران اکمل کے ساتھ بابر اعظم آئے۔ دونوں نے مل کر13ویں اوور میں  اسکور کو 92رنز تک پہنچا دیا مگر یہاں بدقسمتی سے   کامران اکمل 48رنز پر مارلن سیموئل کی گیند پر سیمنز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔  شعیب ملک نے محتاط انداز سے کھیلنے کی کوشش کی لیکن صرف 2رنز پر ہی کپتان برتھ ویٹ نے 14ویں اوور میں  انہیں واپس پویلین بھیج دیا۔ بابر اعظم بھی نصف سنچری مکمل نہیں کر سکے۔وہ 43رنز بنا کرنرائنے کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔کپتان سرفراز احمد 3کے اسکور پر رن آؤٹ ہوگئے۔آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی  فخر زمان نے 21 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 21رنز بنائے۔بدری نے 22رنز دیکر 2وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں والٹن دوسرے ہی اوور میں سہیل تنویر کی گیند پر ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔دوسرے آؤٹ ہونے والے سیموئلز کو وہاب ریاض نے عماد وسیم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرادیا۔ وہ 18رنز بنا سکے۔اس موقع پر جیسن محمد اوپنر لوئیس کا ساتھ دینے آئے۔ اس میچ میں لوئس نے ابتدائی دونوں میچوں کا گن گن کر بدلہ لیا ۔کسی پاکستانی بولر کو خاطر میں نہیں لائے۔ آج کا دن حقیقت میں ایون لوئیس کا تھا جنہوں نے 9چھکوں اور 5چوکوں کی مدد سے 91رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے  اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ جیسن نے 17ناٹ آؤٹ رنز بنائے۔شاداب ، وہاب اور سہیل تنویر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے پہلا میچ 6وکٹوں سے جبکہ دوسرا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3رنزسے جیت چکاہے۔ دونوں میچوں میں شاداب خان بہترین بولنگ 3وکٹیں اور 4وکٹیں لینے کے باعث مین آف دی میچ رہے۔چوتھا اورآخری میچ آج کھیلا جائے گا۔3ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 7اپریل کو کھیلا جائے گا۔ 3ٹیسٹ میچوں کی سیریز 22اپریل سے شروع ہو گی۔
 
 
 
 

شیئر: