Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بی جے پی ریا کاری کر رہی ہے،اسداویسی

حیدرآباد... مجلس اتحاد المسلمین کے صدر و رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے کہا ہے کہ گائے یوپی میں بی جے پی کیلئے ”ممی“ بنی ہوئی ہے جبکہ شمال مشرقی ریاستوں میں اسے مرغوب بنالیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یوپی میں ”ممی“ اور شمال مشرق میں ”یومی“ (مرغوب غذا) بنانا بی جے پی کی ریا کاری ہے۔ اسد اویسی نے کہا کہ بی جے پی ہندوتو کے نام پر الیکشن لڑ رہی ہے لیکن جہاں اسے ہندوتو کے نام پر ناکامی کا خدشہ ہے وہاں وہ اپنے اصول کو بدل دیتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ شمال مشرقی ریاستوں ناگا لینڈ، میگھالیہ او رمیزورم میں عیسائیوں کی اکثریت ہے جو گائے کا گوشت کھاتے ہیں لیکن وہاں پر گاو کشی پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ ان تینوں ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں جن کےلئے بی جے پی نے گاو کشی پر پابندی لگانے کا کوئی اعلان نہیں کیا بلکہ و اضح طور سے کہا ہے کہ اگر تینوں ریاستوںمیں بی جے پی برسراقتدار آتی ہے تو گاو کشی پر پابندی نہیں لگائی جائیگی۔ یہ کھلی ریاکاری بلکہ منافقت ہے جو بی جے پی انتخابات جیتنے کیلئے کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گاو کشی کا معاملہ یوپی میں بھی اٹھایا گیا تھاجس کے نتیجے میں جہاں ایک طرف اسے انتخابی کامیابی ملی ہے وہاں ریاست بھر میں سلاٹر ہاوس بندکرکے گوشت کا بحران پیدا کردیا گیا ۔ 

 

شیئر: