Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 11 کے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت آج سے شروع، قیمتیں کیا مقرر کی گئیں؟

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ 11 کے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت آج سے شروع ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق شائقین نجی کوریئر سروس کی ویب سائٹ کے ذریعے ٹکٹ خرید سکیں گے، جسے ٹورنامنٹ کا باضابطہ ٹکٹنگ پارٹنر مقرر کیا گیا ہے۔
پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی بار میچز چھ مختلف مقامات پر کھیلے جائیں گے جبکہ اس ایڈیشن میں آٹھ ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے مدمقابل ہوں گی۔
پی ایس ایل 11 کا آغاز 26 مارچ کو لاہور میں ہوگا، جہاں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کا مقابلہ حیدرآباد کنگزمین سے ہوگا۔
39 روزہ طویل ٹورنامنٹ 3 مئی تک جاری رہے گا، جس میں مجموعی طور پر 44 میچز کھیلے جائیں گے۔ اس سیزن میں دو نئی ٹیمیں، پنڈیز اور حیدرآباد کنگزمین بھی شامل کی گئی ہیں۔
کراچی اور لاہور کے سٹیڈیمز کے لیے جنرل ٹکٹ کی قیمت 250 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم میں یہی ٹکٹ 300 روپے میں دستیاب ہوگا۔ راولپنڈی اور ملتان میں جنرل ٹکٹ 400 روپے میں فروخت ہوگا۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل 11 میں پشاور کے عمران خان کرکٹ سٹیڈیم میں بھی پہلی بار پی ایس ایل میچ کھیلا جائے گا، جہاں 28 مارچ کو پشاور زلمی کا مقابلہ پنڈیز سے ہوگا۔ اس میچ کے لیے وی آئی پی فیملی باکس کا ٹکٹ 2000 روپے میں دستیاب ہوگا۔
اسی طرح دوپہر کے میچ کے لیے پریمیم ٹکٹ 1500 روپے، وی آئی پی انکلوژر 3000 روپے جبکہ وی وی آئی پی گیلری کا ٹکٹ 6000 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے کہا ہے کہ ٹکٹنگ حکمت عملی بناتے وقت شائقین کی سہولت کو مدنظر رکھا گیا ہے تاکہ وہ آسانی سے آن لائن ٹکٹ خرید سکیں اور مناسب قیمتوں پر میچز سے لطف اندوز ہو سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کا 11واں ایڈیشن لیگ کی ترقی اور جدت کے نئے دور کا آغاز ہے، اور شائقین کو اس سیزن میں سنسنی خیز مقابلوں کی توقع رکھنی چاہیے۔
 

شیئر: