Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 جازان شہد میلے میں 19 سو ریال کلو شہد 

شہد کے شوقین افراد جوق در جوق میلے میں آ رہے ہیں (فوٹو ایس پی اے)
جازان میں ساتویں شہد میلے کے ابتدائی چھ دنوں میں شہد کی فروخت  10 ٹن سے زائد رہی۔ اعلیٰ معیارکا شہد 1900 ریال فی کلوفروخت کیا گیا۔ 
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق جازان میں گذشتہ ہفتے ساتویں شہد میلے کا افتتاح کیا گیا جس میں شرکت کرنے کے لیے شہد کی صنعت سے وابستہ افراد کے علاوہ شہد کے شوقین مملکت کے مختلف شہروں سے بڑی تعداد میں پہنچ رہے ہیں۔ 
شہد میلے میں فی کلو شہد کی قیمت 300 ریال سے شروع ہو کر1900 ریال تک ہے۔ بیری کے مختلف انواع کے شہد میلے میں رکھے گئے ہیں۔ 


میلے میں شہد فارمز کے مالکان بھی شریک ہیں- (فوٹو ایس پی اے)

میلے کے ڈائریکٹرسلیمان غزوانی نے بتایا کہ میلے میں شہد کی فروخت میں امسال غیرمعمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ شائقین کی بھی بڑی تعداد یومیہ بنیاد پرمیلے میں آتی ہے۔ 
شہد میلے میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والا شہد ’بیری کا شہد‘ ہے جس کی مختلف معیار ہیں اور ہر ایک کے الگ نرخ ہیں۔
میلے میں شہد کی صنعت سے وابستہ 50 افراد بھی شرکت کررہے ہیں جن کے شہد فارمز ہیں۔ 

میلے میں ثقافتی اشیا کی نمائش بھی کی گئی ہیں (فوٹو: ایس پی اے)

واضح رہے کہ ساتویں جازان شہد میلے میں نہ صرف انواع و اقسام کے شہد کے سٹالز لگائے گئے ہیں بلکہ وہاں علاقائی تہذیب وثقافت کو اجاگرکرنے کے لیے مقامی مصنوعات کے سٹالز بھی موجود ہیں جن سے جازان کی ثقافت کی شاندار عکاسی ہوتی ہے۔ 
ثقافتی سٹالز پر جازان کے علاقائی لباس اور دیگر گھریلو اشیا رکھی گئی ہیں،، جن میں مٹی سے بنے برتن، جازانی قہوہ اوردیگر بہت کچھ ہے جن کو شائقین پسند کر رہے ہیں۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: