Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سردی کی نئی لہر اور گرد آلود ہواوں کا سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟

گرد آلود تیز ہواؤں کی وجہ سے حد نظر محدود ہوجائے گی (فائل فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے موسمیات کے قومی مرکز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مملکت کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت آئندہ ہفتے کے وسط تک  کم رہے گا جبکہ بعض علاقوں میں بوندا باندی اور دیگر مقامات پر درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے۔
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے مرکز سے وابستہ ماہر موسمیات عقیل العقیل نے کہا کہ ’مملکت کے بیشتر شمالی اور شمال مشرقی علاقوں میں سرد لہر آ چکی ہے۔‘
مشرقی اور ریاض ریجن میں بھی اس کے اثرات پہنچ چکے ہیں جہاں درجہ حرارت 8 سینٹی گریڈ تک آ چکا ہے۔ 
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ’سردی کی نئی لہر مملکت کے بیشتر علاقوں میں آئندہ ہفتے کے وسط تک جاری رہے گی۔‘ 
عاجل ویب سائٹ کے مطابق موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ’ اتوار تک گرد آلود ہواؤں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔‘
نجران، عسیر، باحہ، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں حد نظر بتدریج بہتر ہوگی۔ ریاض اور الشرقیہ ریجنوں کے جنوبی علاقوں میں بھی گردو غبار کا سلسلہ آہستہ آہستہ ختم ہوگا۔ 
قومی مرکز نے ٹوئٹر کے اپنے اکاؤنٹ پر کہا ہے کہ ’عسیر، مکہ مکرمہ، جازان اور باحہ ریجنوں میں گرد آلود تیز ہواؤں کی وجہ سے حد نظر محدود ہوجائے گی جبکہ  مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، الشرقیہ اورریاض میں گرد آلود تیز ہواؤں سے سب متاثر ہوں گے۔‘
قومی مرکز نے کہا کہ ’جازان، عسیر، باحہ اور مکہ مکرمہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔‘ 

شیئر: