حجر کی شام: العلا کی تاریخ پر مبنی ایک ثقافتی تقریب
العلا کمشنری میں ’حجر کی شام‘ یا ’حجر آفٹر ڈارک‘ ایونٹ میں دلچسپ پروگرام پیش کیے جاتے ہیں جن میں لائیو پرفارمینسز، قصے اور مختلف کھانوں کے ذائقے شامل ہوتے ہیں۔
یہ تقریب حجر کی تاریخی اہمیت اور اس جگہ پر بسنے والی قدیم تہذیبوں کی وراثت کو نمایاں کرتی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق تقریب حجر آرکیالوجیکل سائٹ پر منعقد ہوتی ہے۔
یہ سعودی عرب کا پہلا مقام ہے جو یونیسکو کے عالمی ورثے کی فہرست میں شامل ہوا۔ اس سے پروگرام کو غیرمعمولی ثقافتی اور تاریخی اہمیت ملتی ہے اور وزیٹرز کو اس مقام اور اس کی تہذیبی وراثت سے گہرا تعلق محسوس ہوتا ہے۔
رواں برس یہ تقریب ایک نئے انداز میں واپس آئی ہے۔ جدید اور دلچسپ ماحول وزیٹرز کو نبطی دور کی روزمرہ زندگی سے روشناس کراتے ہیں، جہاں گھوڑا گاڑیاں اور ایک متحرک تھیٹر مارکیٹ بھی ہے جو اصلی مناظر، آوازیں اور ذائقے پیش کرتی ہے۔

یہ سنسری تجربہ مہمانوں کو قدیم دنیا میں لے جاتا ہے اور تاریخی ’انسنز روڈ‘ کے صدیوں سے چھپے رازوں کو ظاہر کرتا ہے۔
حال ہی میں ’حجر آفٹر ڈارک‘ تقریب نے مڈل ایسٹ ایونٹ ایوارڈز میں بیسٹ آرٹس اینڈ کلچر ایونٹ کی تقریب کا ایوارڈ جیتا، جس سے اس کی سعودی عرب اور خطے میں سب سے نمایاں ثقافتی تجربات میں سے ایک کے طور پر حیثیت مزید مستحکم ہوئی۔

اس ایوارڈ کے ذریعے اس کی بھرپور اور دلچسپ مواد کی بھی تعریف کی گئی جو مقامی ورثے کے حسن، تاریخی یادگاروں کی خوبصورتی اور ثقافتی تجربہ پیش کرنے میں جدت کو یکجا کرتا ہے۔
یاد رہے ’حجر آفٹر ڈارک‘ پروگرام کے سلسلے کا آغاز سال 2021 میں ہوا تھا جسے اس وقت بھی وزیٹرز نے سراہا اور اس کے ساتھ ہر برس اس میں جدت کا سلسلہ جاری ہے۔
