Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قابل اعتراض مواد سے متعلق سلمان خان کی درخواست مسترد

سلمان خان نے پڑوسی کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کر رکھا ہے (فائل فوٹو: سلمان خان ٹوئٹر)
ممبئی کی ایک عدالت نے بدھ کو بالی وڈ کے میگا سٹار سلمان خان کی طرف سے دائر کردہ ایک درخواست کو مسترد کردیا جس میں استدعا کی گئی تھی کہ وہ امریکہ سے آئے ان کے پڑوسی کیتن آر ککڈ کو سوشل میڈیا پر کوئی بھی مواد پوسٹ کرنے سے روکا جائے۔
انڈین اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق درخواست میں سلمان خان نے حکم امتناعی طلب کیا تھا کہ کیتن آر ککڈ کو پنویل رائے گڑھ میں اداکار کے 100 ایکڑ اراضی کے فارم ہاؤس میں قوانین کی مبینہ خلاف ورزیوں کے بارے میں کوئی بھی مواد پوسٹ کرنے یا اپ لوڈ کرنے سے روک دیا جائے۔
سیشن جج اے ایچ لدھاڈ نے تقریباً دو ماہ تک آن لائن اور عدالت ہونے والی سماعتوں میں فریقین کے وکلا کو سنا اور بدھ کو یہ حکم جاری کیا جس کا بہت انتظار کیا جارہا تھا۔
کیتن آر ککڈ کے وکلا نے عدالت میں جواز پیش کیا کہ ان کے موکل کی طرف سے لگائے گئے الزامات میں ’کافی سچائی‘ ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ سلمان نے اپنے پنویل فارم ہاؤس پر کافی تعمیرات کیں جبکہ وہ ماتھیران ایکو سینسٹو زون نوٹی فکیشن کے اندر آتا ہے۔
جنوری کے وسط میں دو پڑوسیوں سلمان خان اور کیتن آر ککڈ کے درمیان مؤخر الذکر کے سوشل میڈیا تبصروں پر ایک زبردست تماشا شروع ہوگیا، جس نے بالی وڈ اور سیاسی حلقوں میں بڑے تنازعات کو جنم دیا۔
جواب میں سلمان خان نے کیتن آر ککڈ کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا اور سوشل میڈیا بلاگرز کو فریقین کے طور پر شامل کیا اور مقدمہ کے نتیجے تک اپنے پڑوسی کو قابل اعتراض بیانات پوسٹ کرنے سے روکنے کے لیے ایک عدالتی حکم امتناعی کی استدعا کی تھی۔

شیئر: