Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بی جے پی دھوکے سے اقتدار میں آئی،اکھلیش

لکھنو ... سابق وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے ہفتہ کو پریس کانفرنس میں یوگی حکومت کو انتباہ کیا اور کہا کہ مجھے نظم ونسق کے مسئلے پر بدنام کرنے والی پارٹی کو ہوش میں آجانا چاہیے کہ اب ریاست میں کیا ہورہا ہے؟ زیادتی کے واقعات بڑھ گئے۔ لوگ زندہ جلائے جارہے ہیں۔ چوری اور ڈکیتی کے واقعات عام ہوگئے ۔ ریاست کی سب سے بڑی اقلیت مسلمان خوف اور دہشت کے سائے میں سانس لے رہے ہیں۔ اینٹی رومیو مہم کے تحت بے گناہ لڑکے اور لڑکیوں کو شارع عام پر بے عزت کیا جارہا ہے۔ ان کی پٹائی ہورہی ہے۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی حکومت دھوکے سے اقتدار میں آئی ہے۔ جس طرح ووٹنگ مشین (ای وی ایم) میں چھیڑ چھاڑ کر کے بی جے پی اکثریت میں آئی ا سے ساری دنیا دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ کی بنیاد پر قائم اس حکومت کو اکھاڑ پھینکنے کےلئے میں ہراتحاد سے پیچھے نہیں رہوں گا۔ اکھلیش نے کہا کہ اب میں کسی سے بھی ہاتھ ملانے سے گریز نہیں کروں گا۔ ہرسیکولر پارٹی سے ملوں گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بی جے پی حکومت میری ہی پالیسیوں پر عمل کر رہی ہے۔ میرے پروگرام کا نام بدل کر منصوبوں کو آگے بڑھا رہی ہے۔ ابھی تک اس نے کوئی بھی نیا کام نہیں کیا ۔ انہوں نے ای وی ایم مشینوں پر عدمِ اعتماد ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اسکے سافٹ ویر پر کسی طرح بھی بھروسہ نہیں کیا جاسکتا ۔ آئندہ جو بھی الیکشن ہو وہ بیلٹ پیپر پر ہونا چاہیے۔ 

 

شیئر: