Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہم اور کتنا قتل عام برداشت کریں‘ بائیڈن کا اسلحے کی روک تھام پر زور

امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ ’ہم امریکی عوام کو دوبارہ ناکامی سے دوچار نہیں کر سکتے۔‘ (فوٹو: روئٹرز)
امریکی صدر جو بائیڈن نے قانون سازوں سے اسلحے کی روک تھام کے لیے سخت قوانین منظور کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ فائرنگ کے واقعات پر قابو پایا جا سکے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق صدر جو بائیڈن نے اپنی اپیل میں حملے میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں پر پابندی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
صدر جو بائیڈن نے اپنے 17 منٹ کے خطاب میں کہا کہ ’ہم اور کتنا قتل عام کا سامنا کر سکتے ہیں؟ ہم امریکی عوام کو دوبارہ ناکامی سے دوچار نہیں کر سکتے۔‘
انہوں نے ریپبلکن سینیٹرز کی اکثریت کی جانب سے سخت قوانین کی حمایت سے انکار کی مذمت کرتے ہوئے اسے ‘غیر ذمہ دارانہ رویہ‘ قرار دیا۔
امریکی صدر نے کہا کہ ’قانون سازوں کو ہتھیاروں کی خریداری کے لیے عمر کی حد 18 سے 21 سال تک بڑھانی چاہیے۔‘
انہوں نے قانون سازوں پر زور دیا کہ وہ آتشیں اسلحے کے محفوظ ذخیرے کو لازمی قرار دینے اور اسلحہ بنانے والوں کو ان کی مصنوعات کے ساتھ ہونے والے جرائم کا ذمہ دار ٹھہرانے کے لیے اقدامات کریں۔
بائیڈن نے کہا کہ ’گذشتہ دو دہائیوں کے دوران ڈیوٹی پر موجود پولیس افسران سے زیادہ سکول جانے کی عمر کے بچے فائرنگ سے ہلاک ہوئے ہیں۔ اس کے بارے میں سوچیں۔‘

امریکی صدر نے کہا کہ قانون سازوں کو ہتھیاروں کی خریداری کے لیے عمر کی حد 18 سے 21 سال تک بڑھانی چاہیے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے اپنے خطاب میں ایک نوجوان طالب علم کا حوالہ دیا جس نے ٹیکساس کے ایک ایلیمنٹری سکول میں مسلح شخص سے چھُپنے کے لیے مردہ حالت میں پائے گئے ہم جماعت کا خون اپنے اوپر لگایا تھا۔
بائیڈن نے کہا کہ ’یہاں امریکہ میں بہت سے دیگر سکول، بہت سے مقامات ہیں جو قتل و غارت گری کے میدان بن چکے ہیں۔‘
ریپبلکن قانون سازوں نے اسلحے کے کنٹرول کے لیے سخت قوانین کی مخالفت کی ہے۔
رواں ہفتے نو سینیٹرز بڑے پیمانے پر فائرنگ کے واقعات پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے میٹنگ کر رہے ہیں۔

ٹیکساس کے سکول میں مسلح شخص نے 19 بچوں اور دو اساتذہ کو قتل کر دیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

جب قانون ساز بفیلو کی سپر مارکیٹ میں ’نسل پرستانہ‘ حملے اور ٹیکساس کے سکول میں فائرنگ کے واقعے پر غور کر رہے تھے، بدھ کو اوکلاہوما میں ایک اور حملہ ہوگیا۔
بفیلو کی سپر مارکیٹ میں 10 سیاہ فام افراد فائرنگ سے ہلاک ہوئے تھے جبکہ ٹیکساس کے سکول میں مسلح شخص نے 19 بچوں اور دو اساتذہ کو قتل کر دیا تھا۔
بدھ کو اوکلاہوما سٹی سے تقریباً 160 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع شہر تلسا کے ایک میڈیکل سینٹر میں فائرنگ سے چار افراد ہلاک ہوئے تھے۔

شیئر: