طائف: 9 ماہ کے دوران سبزی منڈی میں ضوابط کی 105 خلاف ورزیاں
خلاف ورزیوں پرجرمانے کیے گئے(فوٹو، ٹوئٹر)
طائف کی سبزی منڈی میں گزشتہ نو ماہ کے دوران 105 سے زیادہ خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔ انتظامی کمیٹی نے خلاف ورزیوں کے ثبوت ملنے پر تادیبی کارروائیاں کیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سبزی اور پھل منڈی کی انتظامی کمیٹی نے کہا ہے کہ حفظان صحت کے ضوابط اور انتظامی قواعد کی پابندی کا اطمینان حاصل کرنے کے لیے ایک مربوط پروگرام کے تحت مختلف اوقات میں چھاپے مارے گئے۔ خلاف ورزیاں ثابت ہوجانے پر متعلقہ افراد کو جرمانے کیے گئے۔
طائف سبزی اور پھل منڈی کی انتظامیہ کمیٹی میں کمشنری، پولیس، ماحولیاتی ادارے، تجارت، افرادی قوت کے ادارے اور میونسپلٹی کے نمائندے شامل ہیں۔
طائف میں وزارت ماحولیات و پانی و زراعت ادارے کے ڈائریکٹر انجینیئر ھانی القاضی نے بتایا کہ یہاں حراج کے میدان میں 17400 کلو زرعی پیداوار ضبط کی گئی۔ فٹ پاتھوں پر سے بھی سبزیاں اور پھل ضبط کیے گئے اور مقامی فلاحی انجمنوں کے حوالے کردیے گئے۔
یاد رہے کہ طائف میں سبزی اور پھل بازاروں کے باہر پھل اور سبزیاں فروخت کرنے والوں سے باقاعدہ دکاندار نالاں ہیں۔ وہ متعلقہ سرکاری اداروں سے شکایت کرتے رہتے ہیں کہ ریڑھی اور بستہ لگانے والے ہمیں نقصان پہنچا رہے ہیں۔ وہ نہ دکان کا کرایہ ادا کرتے ہیں اور نہ ہی کسی قسم کا ٹیکس و فیس ادا کرتے ہیں، اس وجہ سے پھل اور سبزیاں سستے داموں فروخت کرکے ہمارے کاروبار کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انہی شکایات کے تناظر میں عارضی دکانداروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔