مکہ دفاعی معاہدے پر مذاکرات 26 اور 27 نومبر کو اسلام آباد میں متوقع: دفتر خارجہ
یہ مجوزہ مذاکرات ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب خطے میں سلامتی سے متعلق خدشات میں اضافہ ہوا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان سہ فریقی دفاعی معاہدے پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے 26 اور 27 نومبر کو اسلام آباد میں مذاکرات متوقع ہیں۔
عرب نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے معاملے سے باخبر ایک اعلیٰ پاکستانی عہدیدار نے اتوار کو اس کی تصدیق کی۔ تینوں ممالک معاہدے پر عمل درآمد کے لیے طریقہ کار وضع کرنے پر کام کر رہے ہیں۔
اجلاس میں تینوں ممالک کے نمائندے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت شریک ہوں گے۔ یہ معاہدہ سات اگست کو سعودی عرب میں طے پایا تھا جس کے تحت کسی ایک رکن ملک پر مسلح حملے کو تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر گفتگو کرنے والے اعلیٰ عہدیدار سے جب پوچھا گیا کہ آیا یہ اجلاس 26 اور 27 نومبر کو ہوگا تو انہوں نے جواب دیا: ’جی ہاں۔‘
اس تصدیق سے قبل نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا تھا کہ معاہدے کی اعلیٰ سطح کی سکیورٹی کمیٹی کا اجلاس نومبر کے اختتام سے قبل اسلام آباد میں ہوگا۔
بعد ازاں پاکستان کے دفتر خارجہ نے بتایا تھا کہ تینوں ممالک نے اجلاس کے انعقاد پر اتفاق کیا ہے تاہم اس وقت تک اجلاس کی تاریخوں، پروگرام اور تفصیلی ایجنڈے کو حتمی شکل نہیں دی گئی تھی۔
دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان نے جمعے کو اپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں کہا ’یہ اجلاس معاہدے کے تحت پیشرفت کا جائزہ لینے اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کا موقع فراہم کرے گا کیونکہ آپ جانتے ہیں کہ یہ ابھی ارتقائی مراحل میں ہے اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی بات چیت ہو گی۔‘
یہ مجوزہ مذاکرات ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب خطے میں سلامتی سے متعلق خدشات میں اضافہ ہوا ہے اور اسلام آباد، ریاض اور انقرہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے اور مشترکہ خطرات سے نمٹنے کے لیے ادارہ جاتی طریقہ کار وضع کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔
دفتر خارجہ نے زور دیا ہے کہ یہ معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے اور کسی دوسرے ملک کے خلاف نہیں۔
ترجمان سجاد خان نے صحافیوں سے کہا ’یہ کسی ملک کے خلاف نہیں۔ ہم یہ بات بار ہا دہرا چکے ہیں۔ پاکستان اس معاہدے کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے۔‘