سوڈان میں اقوام متحدہ کی عمارت اور گھروں پر ڈرون سے حملے، سعودی عرب کی مذمت
اتوار 22 نومبر 2026 23:24
ان حملوں میں شہریوں کی اموات اور املاک کو نقصان پہنچا ہے۔ ( فوٹو: اے پی )
سعودی عرب نے اتوار کو سوڈان کے دارالحکومت خرطوم پر ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی ہے، جس میں اقوام متحدہ کی ایک عمارت اور گھروں کو نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں میں شہریوں کی اموات اور املاک کو نقصان پہنچا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت نے بیان میں ان حملوں کو مسترد کیا۔ بین الاقوامی قانون کے احترام، شہریوں، سول انفرا سٹرکچر اور بین الاقوامی اداروں کے دفاتر اور عملے کے تحفظ پر زور دیا۔
وزارت نے سوڈانی عوام کو مزید مصائب سے بچانے پر بھی زور دیا۔ سوڈان کی سلامتی، استحکام، اتحاد، خودمختاری اور اس کے جائز اداروں کے تحفظ کے لیے مملکت کی سپورٹ کا اعادہ کیا۔
بیان میں متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش ظاہر کی۔
اے ایف پی کے مطابق عینی شاہدین اور اقوام متحدہ نے بتایا حملوں مں گھروں اور عالمی ادارے کی عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔
ایک عینی شاہد کا کہنا ہے ڈرون حملے میں ایک گھر تباہ ہوا جبکہ خرطوم سے تقریبا 45 کلو میٹر دور ایک اور گھر کو بھی ڈرون نے نشانہ بنایا۔
سوڈانی فوج کے ایک ذریعے نے دعوی کیا کہ ڈرون ایتھوپیا سے لانچ کیے گئے جبکہ ایتھوپیا نے اس الزام کی تردید کی ہے۔
