Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگ عبدالعزیز پبلک لائبریری میں قدیم نسخوں کو کیسے محفوظ رکھا جا رہا ہے؟

لائبریری میں قدیم اسلامی و عرب ورثے کا بڑا خزانہ محفوظ ہے۔ (فوٹو العربیہ نیٹ)
سعودی عرب میں کنگ عبدالعزیز پبلک لائبریری کے نگران اعلٰی فیصل معمر نے لائبریری کی بڑی بلڈنگ میں قلمی نسخوں، دستاویزات، نایاب تصاویر، کتابوں، نقشوں اور رسائل میں خرابی کو درست کرنے والے سینٹر کا افتتاح کیا ہے۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق سینٹر میں جلد سکوں اور تاریخی اشیا میں پیدا ہونے والی خرابی ٹھیک کرنے کی سہولت بھی مہیا کی جائے گی۔ 


ماہر سعودی خواتین سینٹر کی نگران بنائی گئی ہیں (فوٹو: العربیہ نیٹ)

دستاویزات اور قلمی نسخوں نیز قدیم اشیا میں خرابی کو ٹھیک کرنے کی ماہر سعودی خواتین سینٹر کی نگران بنائی گئی ہیں۔ سینٹر میں جدید ترین آلات موجود ہیں۔
کنگ عبدالعزیز پبلک لائبریری نے سینٹر کے اہلکاروں کو مملکت کے اندر اور باہرخصوصی کورس کرائے ہیں۔
علاوہ ازیں سینٹر کی لیباریٹری کے ہر شعبے کے لیے مختص کارکن خواتین کی ٹریننگ کے لیے ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ 

لیژر کٹنگ مشین بھی رکھی گئی ہے۔ (فوٹو العربیہ نیٹ)

سینٹرمیں اعلٰی معیار اور خصوصیات کے حامل آلات فراہم کیے گئے ہیں مثلاً اوزون سے جراثیم کش روم، زہریلے اور گھٹن پیدا کرنے والی گیسز کو جذب کرنے والا کیبن، خودکارسسٹم کے تحت خرابی دور کرنے والا آلہ، لیژر کٹنگ مشین قابل ذکر ہیں۔ 
یہ سینٹر قلمی نسخوں، دستاویزات، فلموں اور تصاویر کو جراثیم سے پاک کرنے، جلد سازی اور ٹوٹ پھوٹ کو ٹھیک کرنے جیسی سہولتیں فراہم کرے گا۔ 

لائبریری میں32625 نایاب کتب موجود ہیں (فوٹو: العربیہ نیٹ)

یہاں مائیکرو فلم اور ڈیجیٹل فلم کے ذریعے نایاب قلمی نسخوں کے تحفظ کا انتظام بھی کیا جائے گا۔
کنگ عبدالعزیز پبلک لائبریری میں قدیم اسلامی اورعرب ورثے کا بڑا خزانہ محفوظ ہے۔ یہاں 32625 نایاب کتابیں، ایک لاکھ 23 ہزار  680 نایاب دستاویزات، 7620 قلمی نسخے، 8100 تصاویر، 617 نقشے اور 8100 سکے موجود ہیں۔
اس قدیم اور نادر خزانے کی مسلسل دیکھ بھال، مرمت اور جراثیم لگنے سے بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: