نئی دہلی...مودی حکومت نے ملک سے وی آئی پی کلچر ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بدھ کو مرکزی کابینہ نے وی آئی پی گاڑیوں سے لال بتی نظام کا خاتمہ کر دیا۔اب ملک میں کوئی بھی وی آئی پی سرکاری کار پر لال بتی لگا کر نہیں چلے گا لیکن صدر جمہوریہ ،نائب صدر اور چیف جسٹس آف انڈیا اس نظام کے تحت اپنی گاڑیوں پر لال بتی کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔ اسکا مطلب یہ ہے کہ حکومت نے ان تینوں وی وی آئی پیز کو نئے نظام سے مستثنیٰ قرار دیدیا ۔ کابینہ نے کافی غورو خوض کے بعد اور سپریم کورٹ کے سابق حکم کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ وزیراعظم سمیت کوئی بھی مرکزی وزیر ،ریاستی وزیراعلیٰ ہائی کورٹ کے جج ، اعلیٰ حکام وغیرہ اپنی سرکاری گاڑیوں پر لال بتی کا استعمال نہیں کرینگے ۔ اس نئے نظام کا نفاذ یکم مئی سے کیا جائےگا ۔ وزیراعظم ،تمام وزراءاور ریاستی وزرائے اعلیٰ اور وزراءسمیت مرکز یا ریاستی اعلیٰ حکام ،پولیس چیف اورسیکیورٹی کے اعلیٰ حکام بھی نئے نظام کے پابند ہوں گے اور انہیں بھی لال بتی استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہو گی ۔ اس طرح ملک سے وی آئی پی کلچر کا پوری طرح سے خاتمہ کرنے کےلئے مودی حکومت نے یہ اہم فیصلہ کیا ہے ۔