Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سنگ ماہ: ’اشارہ دے گئے کہ اگلا سیزن بھی آسکتا ہے‘

سوشل میڈیا صارفین ڈرامے میں عاطف کے کردار کو بے پناہ سراہ رہے ہیں۔ (فوٹو: ہم ٹی وی)
پاکستانی ڈرامہ سیریل سنگ ماہ اتوار کی رات کو 26 اقساط کے بعد ختم ہوگیا ہے لیکن سوشل میڈیا صارفین کے اس ڈرامے پر تبصرے ختم نہیں ہوئے۔
اتوار کی رات سے ڈرامے کے کرداروں اور کہانی پر شروع ہونے والے تبصرے تاحال جاری ہیں اور متعدد سوشل میڈیا صارفین کے کمنٹس سے پتہ چلتا ہے کہ یا تو وہ اس ڈرامے کے اختتام سے خوش نہیں یا پھر کوئی کردار ان کے دل پر ایسے نقش چھوڑ گیا ہے جو مٹانا مشکل ہوں گے۔
صدف حیدر نامی صارف نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’ایسا لگتا ہے کہ ہدایتکار کہانی سے تھک گئے تھے اور ڈرامے کو جلد بازی میں ختم کردیا۔‘
ان کے نزدیک کہانی میں اصل محبت کی کہانی حاجی مرجان (نعمان اعجاز) اور زر سانگہ (سامعہ ممتاز) کی تھی۔ انہوں نے مزید لکھا کہ ’میری خواہش تھی کہ وہ اس ڈرامے کی توجہ ان پر رکھتے۔‘

سوشل میڈیا پر کچھ صارفین ایسے بھی تھے جنہیں اس ڈرامے کا اختتام سمجھ ہی نہیں آیا اور وہ دوسروں سے کہتے رہے ’کیا برائے مہربانی کوئی سنگ ماہ کے اختتام کی وضاحت کرسکتا ہے؟‘

فاطمہ نامی صارف نے لکھا ’میں سنگ ماہ کے ایسے اختتام کی امید نہیں کررہی تھی۔ اس نے میرا دل توڑ دیا۔‘

اس ڈرامے کے کرداروں کی اگر بات کی جائے تو سوشل میڈیا صارفین کی ایک بڑی تعداد عاطف اسلم، نعمان اعجاز اور سامعہ ممتاز کی اداکاری سے خاصے متاثر نظر آئے۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’پورا ڈرامہ ہی ایک ماسٹر پیس تھا۔ میں ہلمند اور حاجی مرجان کو یاد کروں گا۔‘

ایک اور صارف نے لکھا کہ ’ابھی سنگ ماہ کی آخری قسط دیکھی ہے اور یقین کریں وہ اس ڈرامے کا اختتام خوشی پر بھی کرسکتے تھے۔ مسٹر اینڈ مسز حاجی کو کیوں مرنا پڑا، یہ ناقابل قبول ہے۔‘

درانی نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’سنگ ماہ کا اختتام دیکھنے کے بعد مجھے پتہ چلا ہے کہ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری پاکستانی فلم انڈسٹری سے بہت آگے ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’سنگ ماہ نے ثابت کیا ہے کہ پاکستان کے پاس اداکاروں، لکھاریوں اور ڈرامہ سازوں کی شکل میں بہت سارا ٹیلنٹ موجود ہے۔‘

’سنگِ ماہ‘ کی سب سے خاص بات شاید سٹار سنگر عاطف اسلم کی ڈرامے میں اداکاری تھی۔
محمد عامر نے صارف نے عاطف اسلم کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہلمند ہمیشہ ہمارے دلوں میں رہے گا۔‘

علینہ نامی صارف نے لکھا ’ایک کردار جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ حاجی ہلمند خان کو یاد کیا جائے گا۔‘

سید شاہ ولی نامی صارف نے ڈرامے کا اختتام دیکھ کر اندازہ لگاتے ہوئے کہا ’جاتے جاتے اشارہ دے گئے کہ اگلا سیزن بھی آسکتا ہے۔‘

سنگِ ماہ’ کی کہانی ہلمند (عاطف اسلم) نامی ایک ایسے نوجوان کے گرد گھوم رہی تھی جو اپنے علاقائی، سماجی اور گھریلو رسم و رواج کے خلاف نہ صرف بغاوت کرتا ہے بلکہ اپنے والد کی موت کا الزام اپنے سوتیلے باپ (نعمان اعجاز) پر عائد کردیتا ہے۔
کہانی میں شہرزاد (کبریٰ خان)  نے ایک  خاتون صحافی کا کردار ادا کیا تھا جو پدر شاہی میں ڈوبے ہوئے گاؤں لس پیران میں ’غگ‘ کی رسم کے بارے میں جاننے آتی ہے۔

شیئر: