Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی ایل ٹی20 میں شاندار پرفارمنس، ’لیگز میں جا کر بابر اعظم کو کیا ہو جاتا ہے؟‘

بابر اعظم نے پیر کو آئی ایل ٹی20 سیزن فائیو میں اپنے ڈیبیو میچ کو یادگار بنا دیا (فوٹو: آئی ایل ٹی20)
پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان سٹار کرکٹر بابر اعظم کی ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر ایان بشپ نے ستائش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’میرے خیال میں بابر اعظم ایک شاندار اور باصلاحیت کھلاڑی ہیں۔‘
ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر کے مطابق ’جب میں نے پہلی مرتبہ سنہ 2016 میں بابر اعظم کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلتے دیکھا تو اسی وقت محسوس ہوگیا تھا کہ وہ مستقبل میں ایک عظیم کھلاڑی بنیں گے۔‘
وہ مزید کہتے ہیں کہ ’بابراعظم اب بھی اس مقام تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم میرے خیال میں بابر اعظم ایک شاندار اور باصلاحیت کھلاڑی ہیں، جن کا آئی ایل ٹی20 کے اس سیزن 5 میں ٹیم کا حصہ ہونا خوش آئند ہے۔‘
پاکستان کے سٹار بیٹر بابر اعظم نے پیر کو آئی ایل ٹی20 سیزن فائیو میں اپنے ڈیبیو میچ کو یادگار بنا لیا۔ انہوں نے دفاعی چیمپئن ڈیزرٹ وائپرز کی جانب سے کھیلتے ہوئے شارجہ واریئرز کے خلاف 51 گیندوں پر 86 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
بابر اعظم نے اپنی اننگز میں 13 چوکے اور دو چھکے لگائے 31 گیندوں پر نصف سینچری مکمل کی۔ ان کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت ڈیزرٹ وائپرز نے 167 رنز کا ہدف 17.3 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
بابر اعظم نے جو کلارک کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 82 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ انہوں نے آئی ایل ٹی20 کی ایک اننگز میں 13 چوکے لگانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔ شاندار بیٹنگ پر بابر اعظم کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
بابر اعظم کی اس کارکردگی پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف آرا کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’یہ لیگز میں جا کر بابر اعظم کو کیا ہو جاتا ہے؟‘
ایک صارف نے بابر اعظم کی لیگ میں ڈیبیو کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ان کی کارکرگی پوسٹ کی۔
دوسری جانب بابر اعظم کو ایک اور تنازعے کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
کچھ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دعوی کیا گیا ہے کہ بابر اعظم نے پاکستانی صحافیوں کے ساتھ وقت طے کرنے کے باوجود انہیں انٹرویو نہیں دیا اور صرف انڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کو انٹرویوز دیے۔
اس تنازعے پر بابراعظم پر سوشل میڈیا پر تنقید ہو رہی ہے جبکہ کچھ صارفین کی جانب سے ان کا دفاع بھی کیا جا رہا ہے۔ البتہ بابر اعظم نے انٹرویو کے تنازعے پر تاحال اپنا موقف نہیں دیا۔

شیئر: