ریاض..... محکمہ ٹریفک پولیس کے ترجمان کرنل طارق الربیعان نے کہا ہے کہ پولیس لاک اپ میں موجود قیدیوں کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی باتیں بے بنیاد ہیں ۔ لاک اپ کا ائیرکنڈیشن خراب ہونے کی وجہ سے قیدیوں کو ایک ہال میں جمع کر دیا گیا تھا ۔ کرنل الربیعان نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر دکھائی جانے والی تصویر میں یہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ لاک اپ میں ضرورت سے زیادہ افراد کو رکھاگیا ہے ۔ حقیقت یہ ہے کہ دوسرے لاگ اپ کا ائیر کنڈیشن خراب ہوجانے کی وجہ سے وہاں موجود افراد کو نکال کر عارضی طور پر بڑے ہال نما لاک اپ میں رکھا گیا تاکہ متاثرہ ائیر کنڈیشن کو درست کیا جاسکے ۔ واضح رہے گزشتہ چند دنوں سے سوشل میڈیا پر ویڈیو میں دکھایاجارہا تھا کہ ریاض میں ٹریفک پولیس کے ایک لاک اپ میں گنجائش سے زیادہ افراد کو قید کیا گیا ہے جن میں مقامی اور غیر ملکی بھی شامل ہیں ۔ اس بارے میں ٹریفک پولیس کے ترجمان نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ حقیقت کیا ہے ۔ دریں اثناءمحکمہ ٹریفک پولیس کے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر کہا گیا ہے کہ پولیس اہلکار کسی بھی ٹریفک خلاف ورزی کو رجسٹر کرنے کےلئے روایتی چالان کا طریقہ استعما ل نہیں کررہے بلکہ اب ڈیجیٹل چالان کئے جارہے ہیں ۔ باشر سسٹم کے ذریعے پولیس اہلکار خلاف ورزی ریکارڈ کر کے کنٹرول روم میں براہ راست بھیج دیتے ہیں جہاں سے فوری طور پر چالان ان افراد کے اکاﺅنٹ تک پہنچ جاتا ہے ۔