العلا کمشنری میں ’پارکنگ شیڈز‘ کے نئے ضوابط جاری
پارکنگ کے مالک کو متعلقہ ادارے سے این او سی حاصل کرنا ضروری ہوگا۔ (فوٹو اخبار 24)
العلا کمشنری میں گاڑیوں کی پارکنگ شیڈز کے نئے ضوابط جاری کردیئے گئے ہیں۔ خلاف ورزی پر جرمانے عائد کیے جائیں گے ۔
اخبار 24 کے مطابق العلا رائل کمیشن کی جانب سے پارکنگ شیڈز کے لیے جاری کیے گئے ضوابط میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ پارکنگ شیڈز مقررہ معیار کے مطابق تیار کیے جائیں جن سے علاقے کی خوبصورتی بھی متاثر نہ ہو اور ضرورت بھی پوری ہو۔
سرکاری گزٹ ’ام القری‘ میں جاری تفصیلات میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈیزائننگ اینڈ انسٹالیشن کے حوالے سے پارکنگ شیڈز کے لیے جو ضوابط جاری کیے گئے ہیں ان پر سختی سے عمل کرنا ضروری ہے۔ شیڈ کے لیے مقررہ معیار کا خاص خیال رکھا جائے جس میں علاقے کی خوبصورتی اور ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔
ضوابط میں مزید کہا گیا ہے کہ ان مقامات پر پارکنگ شیڈز نصب کرنے کی اجازت نہیں ہوگی جہاں سے حد نگاہ اور نقل و حرکت میں دشواری ہو ۔ عوامی (تجاوزات) مقام پر بھی شیڈ نصب کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ شیڈ نصب کرنے سے قبل پارکنگ کے مالک کو متعلقہ ادارے سے این او سی حاصل کرنا ضروری ہوگا۔
العلا رائل کمیشن کی جانب سے جاری رہنمائی نکات میں مزید کہا گیا ہے کہ شیڈ مالکان کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ مقررہ تعمیراتی کوڈ پرسختی سے عمل کریں جن میں سیکیورٹی کے تقاضوں کو خاص طور پر مدنظر رکھا جائے مقررہ ضوابط کے خلاف نصب کیے گئے پارکنگ شیڈز کی تمام تر ذمہ داری مالک پر عائد ہوگی۔
