Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’شاندار ایتھلیٹ اور شفیق ماں‘، ڈونلڈ ٹرمپ کی سابق اہلیہ چل بسیں

ایوانا ٹرمپ نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے 1977 میں شادی کی تھی (فوٹو: ایسوسی ایٹڈ پریس)
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پہلی اہلیہ ایوانا ٹرمپ 73 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق نیویارک میں ان کے خاندان نے جعمرات کو ان کے انتقال کا اعلان کیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ ’میں بہت دکھ کے ساتھ آپ کو مطلع کر رہا ہوں کہ ایوانا ٹرمپ آج نیویارک میں اپنے گھر پر انتقال کر گئی ہیں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’وہ بہت شاندار خاتون تھیں، جنہوں نے ایک متاثرکن زندگی گزاری، ان کے تین بچے ان کے لیے فخر اور مسرت کا سامان تھے۔ ڈونلڈ جونیئر، ایوانکا اور ایری۔ وہ ان پر بہت فخر کرتی تھیں جیسا کہ ہم سب کو ان پر فخر ہے۔ ریسٹ اِن پیس ایوانا۔‘
 ٹرمپ خاندان کی جانب سے بھی ایک بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ ’ہم بہت دکھ کے ساتھ اپنی ماں کی وفات کا اعلان کرتے ہیں، وہ ایک اچھی کاروباری شخصیت، شاندار ایتھلیٹ، خوبصورت خاتون اور سب کا خیال رکھنے والی ماں تھیں۔‘
بیان میں کہا گیا کہ ’انہوں نے کمیونزم سے نکل کر اس ملک کو گلے لگایا تھا اور اپنے بچوں کو تحمل، مضبوطی، ہمدردی اور پرعزم رہنا سکھایا۔ ان کو ہمیشہ ایک شفیق ماں کے طور پر یاد کیا جائے گا۔‘

ٹرمپس کو 80 کی دہائی میں ایک طاقتور جوڑے کے طور پر دیکھا جاتا تھا (فوٹو: نیویارک پوسٹ)

ٹرمپس کو 80 کی دہائی میں ایک طاقتور جوڑے کے طور پر دیکھا جاتا تھا، جس کے بعد طلاق ہوئی اور ڈونلڈ ٹرمپ نے مرلا میپلز سے دوسری شادی کر لی تاہم حالیہ برسوں کے دوران ایوانا کے سابق شوہر کے ساتھ خوشگوار تعلقات رہے، ایوانا نے 2017 میں اپنی کتاب میں لکھا کہ وہ ہفتے میں ایک بار آپس میں بات کرتے تھے۔
اسی طرح ایوانا نے 2016 میں نیویارک پوسٹ کو بتایا تھا کہ وہ سابق صدر کی حمایتی رہیں اور ان کو مشورے بھی دیتی رہیں۔
ایوانا کے مطابق ’میں نے انہیں کچھ مشورے دیے جن میں پرسکون رہنا بھی شامل تھا۔‘
انہوں نے ٹرمپ کے حوالے سے بتایا کہ ’وہ بہت زیادہ باتونی ہیں، وہ سب کچھ صاف صاف بول دیتے ہیں۔‘
ایوانا 1949 میں گوٹوالدوف کے شہر زیکوسلوواک میں پیدا ہوئیں۔ اس شہر کا پرانا نام زلن تھا، جس کو کمیونسٹوں نے 1948 میں قبضے کے بعد تبدیل کر دیا تھا۔
انہوں نے 1977 میں ڈونلڈ ٹرمپ سے شادی کی تھی۔

شیئر: