Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عراق میں ایرانی حمایت یافتہ گروہوں کو غیرمسلح ہونے کے لیے 30 جون تک کی مہلت

امریکی قیادت میں قائم اتحاد نے بدھ کو عراق میں باضابطہ طور پر کام بند کیا (فوٹو: اے ایف پی)
عراق کے وزیراعظم علی الزیدی نے اعلان کیا ہے کہ امریکی قیادت میں قائم مشترکہ مشن کے خاتمے کے بعد مسلح گروہوں کو غیرمسلح ہونے اور ہتھیار حکومت کے پاس جمع کرانے کے لیے 30 جون کی آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق علی الزیدی نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ ’یکم اکتوبر کو ریاست کے کنٹرول سے باہر موجود ہتھیاروں کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک سنجیدہ آغاز سمجھا جائے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے ایک واضح طریقہ کار اور مدت مقرر کی گئی ہے جو کہ 30 جون 2027 تک ہے اور اس میں توسیع نہیں کی جائے گی۔
عراق کی حکومت کا خیال ہے کہ امریکی قیادت میں قائم اتحاد کی افواج کے انخلا سے مسلح گروہوں جن میں بہت سے ایران کے حمایت یافتہ بھی ہیں، کے پاس ہتھیار رکھنے کا جواز ختم ہو جائے گا۔
تاہم بہت سے لوگوں کو یہ خدشہ بھی ہے کہ غیرملکی افواج کے انخلا سے یہ مسلح گروہ مزید مضبوط ہو سکتے ہیں اور عراق مشرق وسطیٰ کی جنگ میں مزید دھنس سکتا ہے۔
علی الزیدی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’آئینی اصولوں کے مطابق جنگ اور امن کا فیصلہ مجاز اداروں کے ہاتھ میں ہونا چاہیے اور اس کے برعکس تمام فوجی کارروائیوں پر پابندی عائد ہونی چاہیے۔‘
امریکہ کی قیادت میں قائم شدت پسندی کے مخالف اتحاد نے ایک روز قبل ہی عراق میں اپنا باضابطہ طور پر اپنا مشن ختم کیا ہے، یہ اتحاد ایک دہائی سے زیادہ عرصہ قتل داعشکے خلاف جنگ میں مدد کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایران کے پاسداران انقلاب نے عراق سے امریکی فوج کے انخلا کا خیرمقدم  کرتے ہوئے اسے ایک تاریخی فتح قرار دیا ہے اور امریکی فوجیوں سے مشرق وسطیٰ چھوڑنے کا مطالبہ کیا ہے۔
علی الزیدی نے اس سے قبل پہلے مسلح گروہوں کو غیر مسلح ہونے کے لیے 30 ستمبر کی ڈیڈلائن مقرر کی تھی، تاہم بعد میں ہتھیاروں کو ’ریگولیٹ‘ کرنے کے لیے جاری مذاکرات کے باعث اس کو واپس لے لیا تھا۔
کچھ مسلح گروہ پہلے ہی اپنے ہتھیار ریاست کے حوالے کر چکے ہیں جبکہ بعض دیگر نے غیر مسلح ہونے سے انکار کیا ہے۔
تہران کی حمایت یافتہ مسلح تنظیموں کی جانب سے بدھ کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ہتھیار ریاست کے حوالے کرنے کے لیے کسی بھی ڈیڈلائن یا معاہدے کے پابند نہیں ہیں۔

شیئر: