ورلڈ کپ سٹار ووزینیا کو شہرت سے قبل کی زندگی بہتر دکھائی دینے لگی
ورلڈ کپ سٹار ووزینیا کو شہرت سے قبل کی زندگی بہتر دکھائی دینے لگی
جمعرات 1 اکتوبر 2026 8:56
ووزینہا نے جون میں کیپ وردے کے پہلے ورلڈ کپ میچ میں سپین کے خلاف 7 گول بچائے۔(فوٹو:اے ایف پی)
کیپ وردے کے گول کیپر ووزینیا نے ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کے بعد ملنے والی غیرمعمولی شہرت کے باعث اپنی نجی زندگی متاثر ہونے پر کہا ہے کہ اگر انہیں موجودہ زندگی اور شہرت سے پہلے والی زندگی میں سے انتخاب کا موقع ملے تو وہ اپنی پرانی زندگی کو ترجیح دیں گے۔
امریکی سپورٹس ویب سائٹ ای ایس پی این کے مطابق 40 سالہ ووزینیا نے جون میں کیپ وردے کے پہلے ورلڈ کپ میچ میں سپین کے خلاف 7 گول ڈیفینڈ کیے جس سے وہ عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنے۔
اس میچ کے بعد چند ہی دنوں میں ان کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد 56 ہزار سے بڑھ کر ایک کروڑ 40 لاکھ تک پہنچ گئی جبکہ 2026 کے بیلن ڈی اور کے بہترین گول کیپر کے ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے کے بعد اب ان کے فالوورز کی تعداد 2 کروڑ 80 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔
ووزینیا نے برطانوی اخبار ’دی آبزرور‘ کے ساتھ گفتگو میں کہا، ’میں اپنا سکون اور اطمینان کھو چکا ہوں، اب میرے پاس پہلے جیسی کوئی نجی زندگی نہیں رہی، یا کم از کم پہلے کے مقابلے میں بہت کم رہ گئی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اب میں باہر جاتا ہوں، کسی ریسٹورنٹ میں جاتا ہوں تو ہمیشہ کوئی نہ کوئی میرے ساتھ تصویر بنوانا چاہتا ہے یا آٹوگراف مانگتا ہے، یا اس سے بھی زیادہ برا یہ کہ کوئی میری ویڈیو بنا رہا ہوتا ہے۔‘
کیپ وردے کے گول کیپر کا کہنا تھا کہ ’یہ میری زندگی میں سب سے بڑی تبدیلی ہے اور مجھے نہیں لگتا کہ میں اس بارے میں کچھ کر سکتا ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ مشہور ہونا اور عوامی شخصیت بننا چاہتے ہیں لیکن وہ اس حقیقت کا صرف مثبت پہلو دیکھتے ہیں۔
’سچ کہوں تو اگر مجھے آج کی زندگی یا وہ زندگی جو میں پہلے گزار رہا تھا، ان دونوں میں سے انتخاب کرنا ہو تو میں وہی زندگی منتخب کروں گا جو پہلے گزار رہا تھا۔‘
ووزینیا نے بتایا کہ اب کیپ وردے میں ان کی والدہ کے گھر بھی روزانہ مداح پہنچ جاتے ہیں۔(فوٹو:اے ایف پی)
ووزینیا نے بتایا کہ اب کیپ ورد میں ان کی والدہ کے گھر بھی روزانہ مداح پہنچ جاتے ہیں۔
گول کیپر نے بتایا کہ سپین کے خلاف میچ ختم ہونے کے چند ہی منٹ بعد انہیں اپنی اچانک بڑھتی ہوئی شہرت کا اندازہ ہوا۔
ان کے مطابق ٹیم کے عملے کے ایک رکن نے آ کر انہیں بتایا کہ ان کے انسٹاگرام پر بے تحاشا فالوورز آ رہے ہیں۔
اب ووزینیا کے فالوورز کی تعداد 2 کروڑ 80 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔(فوٹو:ووزینہا انسٹاگرام)
ووزینیا کے مطابق ’مجھے بالکل سمجھ نہیں آیا کہ وہ کس بارے میں بات کر رہا ہے۔ مجھے لگا وہ مذاق کر رہا ہے لیکن وہ بضد تھا کہ یہ سچ ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ جب وہ میچ کے بعد انٹرویوز کے لیے گئے تو برازیلی نشریاتی ادارے ’کازے ٹی وی‘ کی ایک صحافی نے بھی ان سے پوچھا کہ کیا انہیں معلوم ہے کہ کیا ہو رہا ہے۔
انہوں نے مجھے اپنا فون دکھایا اور تب میں نے دیکھا کہ میرے فالوورز کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر چکی تھی۔