Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ کے سمندر میں تیرنے والے دو افراد ہلاک، تین کو بچا لیا گیا

’ریزروٹ میں مقیم 5 افراد تیرنے کے لیے سمندر میں اترے اور گہرے پانی میں چلے گئے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی  ہلال احمر نے کہا ہے کہ جدہ کے سمندر دو افراد ڈوب کر ہلاک ہو گئے جبکہ تین کو بچا لیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق واقعہ اتوار کو 15 بجکر 48 منٹ پر ایک ریزروٹ میں ہوا ہے۔
ہلال احمر نے کہا ہے کہ ’مذکورہ ریزروٹ سے اطلاع ملنے کے بعد 16 بجکر 10 منٹ پر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔‘
’جائے وقوعہ پہنچنے پر معلوم ہوا کہ ریزروٹ میں مقیم 5 افراد تیرنے کے لیے سمندر میں اترے اور گہرے پانی میں چلے گئے۔‘
’جائے وقوعہ پہنچنے پر غوطہ خوروں کی ٹیم نے بچانے کی کارروائی شروع کر دی جس کے تحت تین افراد کو بچالیا گیااور چوتھے شخص کو مردہ حالت میں سمندر سے نکالا گیا۔ جبکہ پانچواں شخص لا پتہ تھا جس کی تلاش شروع کی گئی تاہم افسوس کہ اسے بھی مردہ حالت میں پایا گیا۔‘
ہلال احمر نے کہا ہے کہ ’واقعے کے اسباب تلاش کرنے پر معلوم ہوا کہ ریزروٹ انتظامیہ نے کھلے سمندر میں تیرنے کی حدیں مقررنہیں کی تھیں جبکہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ان کے پاس انتظام نہیں تھا۔‘
ہلال احمر نے وقوعہ کی اطلاع متعلقہ محکمے کو دے دی ہے جبکہ ہلاک شدگان کو جدہ کے کنگ فہد ہسپتال کے سرد خانے میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

شیئر: