Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طیارے میں علیحدہ کمرے اور جمنازیم

زندگی کے متعدد اور مختلف شعبوں کی طرح شہری ہوابازی کا شعبہ بھی مسلسل ترقی کرتا جارہا ہے اور نت نئے انداز اور ڈیزائن کے طیارے بن رہے ہیں۔ جن میں مختلف سہولیات ہوتی ہیں تاہم بعض فضائی کمپنیوں نے اپنے متمول اور دولت مند گاہکوں کو خوش کرنے کیلئے ایسے طیاروں کے ڈیزائن بنوانے کا کام شروع کردیا ہے جن پر سفر کرنے والوں کو نہ صرف اپنا ایک علیحدہ کمرہ ملے گا اور جمنازیم کی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی جبکہ دیگر سہولتیں بھی اس کے علاوہ ہونگی۔ تاہم یہ تمام سہولتیں اور آرام و آسائش کے بندوبست کے لئے مسافروں کو اچھی خاصی اضافی رقم ادا کرنا پڑیگی۔ ایسے مسافروں کیلئے طیاروں میں جو کمرے بنائے جائیں گے وہ عارضی ہونگے یعنی انہیں کسی بھی وقت ہٹایا اور بنایا جاسکے گا۔ اعدادوشمار کے مطابق بیشتر فضائی کمپنیوں کی تقریباً آدھی آمدنی فرسٹ کلاس یا بزنس کلاس کے مسافروں سے حاصل ہوتی ہے اور اب فضائی کمپنیاں اپنے طیاروں میں ایسے ہی اضافی پرتعیش اسباب پیدا کرکے اپنی آمدنی میں مزید اضافہ کرنا چاہتی ہیں۔ مجوزہ طیارے میں مسافروں کو روایتی نشستوں پر نہیں بیٹھنا پڑیگا بلکہ انکے لئے کمرے مخصوص ہونگے۔ ورزش کیلئے جمنازیم ہوگا اور اتنی گنجائش ہوگی کہ وہ آرام سے اپنی ٹانگیں پھیلا کر اسی طرح لیٹ سکے جس طرح اپنے لاﺅنج میں لیٹتے ہیں۔ ان سہولیات سے مسافروں کو نسبتاً زیادہ پرائیویسی حاصل ہوگی اور بہت سے امراءہر قیمت پر اس پرائیویسی کو حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ اگر یہی صورتحال رہی تو مجوزہ طیاروں میں اکانومی کلاس بالکل نہیں ہوگی ۔ ڈیزائنروں نے ان طیاروں کو ”آسمان کے بوتیک ہوٹل“ کا نام دیا ہے۔نئی سہولتیں ابتدائی طور پر ایئر بس 8380کے لئے ڈیزائن کی گئی ہیں او راسکی کامیابی کے بعد دوسری فضائی کمپنیاں بھی اس منصوبے پر عمل پیرا ہونگی۔
 

شیئر: