Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرنے کے لیے ہالی وڈ اداکارہ انجلینا جولی پاکستان پہنچ گئیں

ہالی وڈ کی مشہور اداکارہ اور انسانیت کے لیے امدادی کام کرنے والی انجلینا جولی سیلاب سے متاثر ہونے والے افراد سے اظہاریکجہتی کے لیے پاکستان پہنچ گئی ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی (آئی آر سی)  اور پاکستانی حکام ہالی وڈ اداکارہ کا کراچی ایئرپورٹ پر استقبال کر رہے ہیں۔ 
آئی آر سی کے ایک عہدیدار نے اردو نیوز کو انجلینا جولی کے پاکستان پہنچنے کی تصدیق کر دی۔
انجلینا جولی سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کریں گی۔
اداکارہ نے 2010 میں آنے والے سیلاب کے موقع پر بھی انہوں نے پاکستان کا دورہ کیا تھا جبکہ اس سے قبل 2005 میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد بھی وہ متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان پہنچی تھیں۔
پاکستان میں پچھلے تین ماہ کے دوران تباہ کن بارشوں کے باعث کئی علاقوں میں سیلاب آیا جس سے ملک کا ایک تہائی حصہ زیرآب آیا اور اس کے نتیجے میں دو کروڑ 30 لاکھ کے قریب افراد متاثر ہوئے ہیں۔
انجلینا جولی مختلف علاقوں کے دورے کریں گی اور امدادی کارروائیوں کو اجاگر کریں گی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ہونے والی تباہی سے بچاؤ کے حوالے سے اقدامات کی ضرورت پر زور دیں گی۔

انجلینا جولی سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کریں گی۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

آئی آر سی کو امید ہے کہ انجلینا جولی کے دورے سے موسمیاتی تبدیلیوں کا معاملہ ابھر کر سامنے آئے گا اور اس سے متاثر ہونے والے پاکستان جیسے ممالک کی مدد کی راہ ہموار ہو گی، تاہم اس کی جانب سے دورے کے لیے ابھی تک کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
آئی آر سی کی پاکستان کی ڈائریکٹر شبنم بلوچ کا کہنا ہے کہ ’موسمیاتی بحران پاکستان میں انسان جانوں اور ملک کے مستقبل کو تباہ کر رہا ہے اور اس کے نتائج سب سے زیادہ خواتین اور بچوں کو متاثر کر رہے ہیں۔‘
ان کے مطابق ’ایسی آفات ملک کو بالآخر خوراک کے بحران کی طرف لے جائیں گی جبکہ خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد کے واقعات میں بھی اضافہ ہو گا۔ ضروری ہے کہ ہم ضرورت مند افراد تک پہنچیں اور موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والے نقصانات سے بچاؤ کے لیے دوررس اقدامات کیے جائیں۔‘

انجلینا جولی نے 2010 میں بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’آنے والے مہینوں میں مزید بارشوں کا بھی امکان ہے ہمیں امید ہے کہ انجلینا کے دورے سے دنیا کو احساس ہو گا اور مستقبل کے بحرانوں سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔‘
آئی آر سی کے حالیہ تخمینے میں بتایا گیا ہے کہ سیلاب کا نشانہ بننے والے افراد کو فوری طور پر خوراک، پانی، رہائش گاہوں اور صحت کی سہولتوں کی ضرورت ہے جبکہ خواتین اور لڑکیوں کو مخصوص ایام کے دنوں میں ضروری اشیا کی قلت کا بھی سامنا ہے۔
خیال رہے پاکستان میں آنے والے سیلاب کے نتیجے میں اب تک ڈیڑھ ہزار کے قریب افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ سیلابی پانی اتر جانے کے بعد بعض علاقوں میں وبائی امراض بھی پھوٹ پڑے ہیں جس کے نتیجے میں سندھ میں نو افراد کی ہلاکت کی اطلاع بھی سامنے آئی ہے۔

شیئر: