ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں سنسنی خیز مقابلوں، حیران کن نتائج اور ریکارڈ ساز کارکردگیوں نے شائقین کرکٹ کو بھرپور تفریح فراہم کی۔
ٹورنامنٹ کے فائنل میں انڈیا نے نیوزی لینڈ کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دے کر اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا تاہم پورے ایونٹ کے دوران کئی ایسے لمحات بھی سامنے آئے جو شائقین کے لیے یادگار بن گئے۔
مزید پڑھیں
-
فن ایلن کی تیز ترین سینچری، نیوزی لینڈ ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میںNode ID: 901397
ڈبل سپر اوور کا سنسنی خیز مقابلہ
گروپ مرحلے میں جنوبی افریقہ اور افغانستان کے درمیان میچ انتہائی سنسنی خیز ثابت ہوا۔ دونوں ٹیموں نے پہلے مقررہ اوورز میں 187 رنز بنائے جس کے بعد مقابلہ سپر اوور میں چلا گیا۔
پہلا سُپر اوور بھی برابر رہا جس کے بعد پہلی مرتبہ ٹی20 ورلڈ کپ میں ڈبل سپر اوور کھیلنا پڑا۔
دوسرے سپر اوور میں افغانستان کے بلے باز رحمان اللہ گر باز کو جیت کے لیے چار گیندوں پر چار چھکے درکار تھے تاہم وہ تین چھکے لگانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوگئے اور جنوبی افریقہ نے آخری گیند پر میچ جیت لیا۔
آسٹریلیا کی حیران کن رخصتی
سابق چیمپئن آسٹریلیا کو ٹورنامنٹ میں بڑا دھچکا اس وقت لگا جب انہیں گروپ میچ میں زمبابوے کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ زمبابوے کے 170 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم 146 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
اہم فاسٹ بولرز پیٹ کمنز اور جوش ہیزل وُڈ کی انجری کے باعث ٹیم مزید مشکلات کا شکار رہی اور بعد میں سری لنکا سے شکست نے ان کی مہم کو مزید کمزور کر دیا۔ بالآخر آئرلینڈ اور زمبابوے کے درمیان بارش سے متاثرہ میچ نے آسٹریلیا کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔
میدان سے باہر کشیدگی
ٹورنامنٹ کے آغاز سے پہلے بھی ماحول کشیدہ رہا۔ پاکستان نے ابتدا میں اپنے روایتی حریف اںڈیا کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔
یہ معاملہ اس وقت پیچیدہ ہوا جب بنگلہ دیش نے انڈیا میں کھیلنے سے انکار کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کی۔ بعد ازاں طویل مذاکرات کے بعد پاکستان نے اپنا فیصلہ واپس لے لیا اور دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ کولمبو میں منعقد ہوا، جس میں انڈیا نے پاکستان کو شکست دی۔

سنجو سیمسن کی شاندار واپسی
انڈیا کے وکٹ کیپر بلے باز سنجو سیمسن نے ویسٹ انڈیز کے خلاف اہم میچ میں ناقابل شکست 97 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ کولکتہ کے تاریخی میدان ایڈن گارڈنز میں کھیلی گئی ان کی 50 گیندوں پر مشتمل اننگز میں 12 چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔
بعد ازاں انہوں نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف 89 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
فن ایلن کی ریکارڈ ساز سینچری
نیوزی لینڈ کے جارح مزاج اوپنر فن ایلن نے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کے خلاف صرف 33 گیندوں پر سنچری بنا کر ٹی20 ورلڈ کپ کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ قائم کر دیا۔
انہوں نے اپنی دھواں دار اننگز میں 10 چوکے اور آٹھ چھکے لگائے اور اپنی ٹیم کو 170 رنز کا ہدف 7.1 اوورز میں حاصل کروا دیا۔ اس طرح انہوں نے سابق ویسٹ انڈین اسٹار کرس گیل کا 2016 میں قائم کیا گیا 47 گیندوں پر سنچری کا ریکارڈ توڑ دیا۔













