تیل کی تین شِپمنٹس آج پاکستان پہنچ رہی ہیں: وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک
تیل کی تین شِپمنٹس آج پاکستان پہنچ رہی ہیں: وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک
پیر 9 مارچ 2026 11:03
وفاقی وزیر علی پرویز ملک کے مطابق تیل کی مقدار پر نظر رکھنے کے لیے ڈیش بورڈ قائم کیا جائے گا (فوٹو: ریڈیو پاکستان)
پاکستان کے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ آج پیر کو تیل کی تین کھیپیں پاکستان پہنچنے کی امید ہے۔
عرب نیوز کے مطابق پیر سرکاری میڈیا پر یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسلام آباد کو ممکنہ طور پر ایندھن کی قلت کا سامنا ہو سکتا ہے جبکہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔
پاکستان کی حکومت کی جانب سے دو روز قبل ہی پیٹرول کی قیمت میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے کیونکہ ایران جنگ کے باعث مشرق وسطیٰ میں بننے والی صورتحال کی وجہ سے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ آبنائے ہرمز کی بندش کی وجہ سے سپلائی بھی متاثر ہوئی ہے جہاں سے تیل اور گیس کی سپلائی کا تقریباً 20 فیصد حصہ گزرتا ہے۔
آبنائے ہرمز کی بندش کی وجہ سے اسلام آباد نے بحیرۂ احمر کی بندرگاہ کے راستے تیل کی سپلائی کو محفوظ بنانے کے لیے سعودی عرب سے مدد بھی طلب کی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی قیادت میں حکومت کا ایک وفد جس میں علی پرویز ملک بھی شامل ہیں، نے اتوار کو وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے کراچی میں ملاقات کی جس میں توانائی کے ذرائع کو محفوظ بنانے کے حوالے سے مشاورت ہوئی جبکہ مشرق وسطیٰ میں تنازع جاری رہنے کی صورت میں ایندھن کے ممکنہ بحران سے نمٹنے سے متعلق اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق ’وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پیر کو تیل کی تین کھیپیں پہنچ رہی ہیں۔‘ تاہم انہوں نے اس کی مزید وضاحت نہیں کی کہ کھیپیں کہاں پہنچیں گی۔
خلیج کی صورتحال کے تناظر میں پیٹرول پمپس کو خبردار کیا ہے کہ وہ ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری سے باز رہیں۔
آئل اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پچھلے ہفتے اعلان کیا تھا کہ اس نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو ریٹیل پمپس کو تیل کی سپلائی کو ریگولیٹ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
مشرق وسطیٰ میں بننے والی صورت حال کے بعد عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
علی پرویز ملک نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ وفاقی حکومت پیٹرول پمپس پر موجود تیل کے علاوہ ذخیرہ اندوزی پر نظر رکھنے کے لیے مشترکہ ڈیش بورڈ قائم کرے گی جس میں صوبے بھی شامل ہوں گے۔
علاوہ ازیں اس موقع پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت توانائی کی عالمی مارکیٹس پر نظر رکھے ہوئے ہے اور تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے متبادل منصوبے بنائے جا رہے ہیں۔