Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خلیج میں ایران کے حملے جاری، امارات کے دو فوجی اہلکار جان سے گئے

متحدہ عرب امارات کے فضائی دفاعی نظام کے مطابق 15 بیلسٹک میزائلوں کا سراغ ملا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
قطر اور متحدہ عرب امارات کے فضائی دفاعی نظام نے  پیر کے روز کئی میزائلوں اور ڈرونز کو تباہ کر دیا۔
عرب نیوز کے مطابق ایران سے متعلق تنازع خلیجی خطے میں ارتعاش پیدا کر رہا ہے۔ 

متحدہ عرب امارات نے کہا کہ پیر کے روز ملک میں ڈیوٹی کے دوران ایک ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں مسلح افواج کے دو اہلکار ہلاک ہو گئے۔
وزارتِ دفاع نے مرنے والے اہلکاروں کے اہلِ خانہ سے ’گہری تعزیت اور ہمدردی‘ کا اظہار کیا۔
دوسری جانب قطر کی وزارتِ دفاع نے بتایا کہ مسلح افواج نے ایک میزائل حملے کو ناکام بنا دیا۔

روئٹرز اور اے ایف پی کے صحافیوں نے بھی دوحہ میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاع دی۔
متحدہ عرب امارات کے فضائی دفاعی نظام کے مطابق 15 بیلسٹک میزائلوں کا سراغ ملا، جن میں سے 12 کو تباہ کر دیا گیا جبکہ 3 میزائل سمندر میں جا گرے۔
اسی طرح مجموعی طور پر 18 ڈرونز کا پتہ چلا، جن میں سے 17 کو مار گرایا گیا جبکہ ایک ڈرون ملک کی حدود میں گر گیا۔
جنگ کے آغاز سے اب تک متحدہ عرب امارات کے مطابق 253 میں سے 233 بیلسٹک میزائلوں، 1,440 میں سے 1,359 ڈرونز کو روک لیا گیا جبکہ 8 کروز میزائل بھی تباہ کیے گئے۔
ان حملوں کے نتیجے میں پاکستانی، نیپالی اور بنگلہ دیشی شہریوں سمیت 4 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 117 افراد معمولی زخمی ہوئے۔

 

شیئر: