Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان قونصلیٹ سے8500 آؤٹ پاس جاری کئے جاچکے ہیں ، شعیب مبارک

جدہ ( ارسلان ہاشمی ) پاکستان قونصلیٹ میں قونصل شعیب مبارک نے کہا ہے کہ غیر قانونی تارکین کو دی جانے والی سہولت کے حوالے سے اب تک 8 ہزار 500 آؤٹ پاس جاری کئے جاچکے ہیں ۔ جوازات کے تعاون سے 150 ہم وطنوں کے فنگر پرنٹ کا کام مکمل کیا گیا ہے جبکہ اس سلسلے میں مزید افراد کا ڈاٹا جمع کیا جارہا ہے ۔ اردو نیوز سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے شعیب مبارک نے مزید کہا کہ شمیسی ڈیپوٹیشن سینٹر ( ترحیل ) کے حکام سے قونصل جنرل شہریار اکبر خان کی ملاقات مفید رہی جس کے بہتر اثرات سامنے آرہے ہیں ۔ جوازات حکام سے اس بات کی خصوصی اجازت حاصل کی ہے کہ وہ ہم وطن جن کے ہروب لگے ہیں یا جن کے اقامے جاری ہی نہیں ہوئے اور انکے کفیلوں نے انکے ہروب لگوادیئے ہیں انہیں اس مہلت کے دوران ملک بھجوانے کیلئے فنگر پرنٹ کیلئے شمیسی ترحیل قونصلیٹ کی نگرانی میں لے جایا جائے ۔ اس حوالے سے تفصیل بتاتے ہوئے شعیب مبارک نے کہا کہ جوازات حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ قونصلیٹ میں درخواستیں وصول کرنے کے بعد گروپ بنا کر انہیں قونصلیٹ اہلکار کے ساتھ ترحیل لایا جائے جن کے فنگر پرنٹس کا مرحلہ فوری طور پر مکمل کر لیا جائے گا ۔ اس حوالے سے جمعرات کو پہلا گروپ جس میں 150 کے قریب ہم وطن تھے کو شمیسی ترحیل پہنچنے کا کہا گیا جہاں قونصلیٹ کے نمائندے موجود تھے جن کی رہنمائی میں انکے فنگر پرنٹس کا مرحلہ بخوبی مکمل ہو گیا ۔ انہو ںنے مزید کہا کہ قونصل جنرل کی دی ہوئی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ہم وطنوں کو بہتر سے بہتر خدمات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد اس مہلت سے مستفیض ہو سکیں ۔قونصلیٹ میں قائم خصوصی ہیلپ ڈیسک پر موجود اہلکار وہاں آنے والوں کے کوائف جمع کرنے کے بعد شمیسی ترحیل کے حکام سے وقت لے کر درخواست دہندگان کو ٹیلی فون پر مطلع کر دیا جاتا ہے تاکہ وہ وقت مقررہ پر ترحیل میں پہنچ جائیں ۔

شیئر: